پنجاب میں ن لیگ نے میدان مارلیا:گجرات میں ق لیگ کے موسیٰ الہٰی نے پرویزالہٰی کو 34ہزارووٹوں سے ہرا دیا

پنجاب میں ن لیگ نے میدان مارلیا:گجرات میں ق لیگ کے موسیٰ الہٰی نے پرویزالہٰی کو 34ہزارووٹوں سے ہرا دیا

لاہور،گوجرانوالہ، کوئٹہ(دنیا نیوز، نمائندگان دنیا،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں )ملک میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے 21 حلقوں میں گزشتہ روز ہونیوالے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن نے پنجاب میں میدان مار لیاجبکہ ق لیگ کے امیدوار موسیٰ الٰہی نے صوبائی نشست پر سابق وزیر اعلٰی پنجاب پرویز الہٰی کو 34 ہزار ووٹوں سے شکست دی۔ پختونخوا میں 2نشستوں پرسنی اتحاد جبکہ 2 پر آزاد امیدوار کامیاب ہوگئے ۔

مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے اپنے امیدواروں کی کامیابی پر مٹھائیاں تقسیم کیں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے ۔ قومی اسمبلی کی  5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک جاری رہی،اس دوران الیکشن کمیشن میں قائم مانیٹرنگ کنٹرول روم کو متعدد شکایات بھی موصول ہوئیں جبکہ لاہور سمیت مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس معطل رہی ۔غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق قومی اسمبلی کی 5 میں سے 2 نشستیں مسلم لیگ (ن)، سنی اتحاد کونسل اورپیپلزپارٹی نے ایک ،ایک نشست حاصل کر لی،پختونخوا میں آزاد امیدوار مبارک زیب نے قومی کے ساتھ صوبائی اسمبلی کی ایک نشست بھی جیت لی۔پنجاب میں صوبائی اسمبلی کی 12 میں سے 9 نشستیں مسلم لیگ ن جبکہ مسلم لیگ (ق)، استحکام پاکستان پارٹی اور پیپلزپارٹی بھی ایک ،ایک نشست فاتح رہی ۔ن لیگ بلوچستان اسمبلی کی بھی ایک سیٹ جیت گئی۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 8 باجوڑ میں آزاد امیدوار مبارک زیب 67,231ووٹ لے کر 24ہزار859ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہو گئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے گل ظفر خان 42,372ووٹ لیکردوسرے نمبرپر رہے ۔ مبارک زیب باجوڑ میں گزشتہ سال قتل ہونیوالے پی ٹی آئی کے ناراض کارکن و آزاد امیدوار ریحان زیب کے بھائی ہیں ۔اسی طرح این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان میں علی امین گنڈا پور کے بھائی و سنی اتحاد کونسل کے امیدوار فیصل امین گنڈا پور 56ہزار995ووٹ لے کرجیت گئے جبکہ پیپلز پارٹی کے عبدالرشید خان کنڈی 9ہزار 533 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف کی قومی اسمبلی کی خالی کر دہ نشست این اے 132 قصور 2 میں مسلم لیگ ن کے ملک رشید احمد خان نے 146,849ووٹ لے کر 55ہزار869ووٹوں کی بھاری اکثریت سے سنی اتحاد کونسل کے سردار محمد حسین ڈوگرکو شکست دیدی،وہ 30ہزار 613 ووٹ لے سکے ۔

لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قومی اسمبلی کی خالی کردہ نشست این اے 119 پر مسلم لیگ ن کے علی پرویز ملک60,918 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے شہزاد فاروق34,094ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ،سندھ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 196 قمبر شہداد کوٹ کے تمام پولنگ سٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پی پی امیدوار خورشید جونیجو 56 ہزار790ووٹ لے کر جیت گئے جبکہ ان کے مدمقابل ٹی ایل پی کے امیدوار محمد علی 2896 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے ۔ دوسری طرف پنجاب اسمبلی کے 12 حلقوں میں ضمنی انتخاب ہوا جس میں لاہور کے 4 حلقے بھی شامل ہیں۔پی پی 147سے مسلم لیگ ن کے محمد ریاض 31,860ووٹ لے کر فاتح رہے جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمد خان مدنی 16,630ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ۔پی پی 158 میں ن لیگ کے چودھری محمد نواز 40,165ووٹ لے کر جیت گئے جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے مونس الٰہی 28,018ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ۔ پی پی 164 لاہور سے مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا راشد منہاس 31 ہزار 499 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے یوسف میو 25 ہزار 781 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ۔ پی پی 149 کے غیر سرکاری رزلٹ کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کے شعیب صدیقی نے 39 ہزار 137 ووٹ لے کر سنی اتحاد کونسل کے ذیشان رشید کوشکست دیدی، ذیشان حیدر 23 ہزار 665 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ۔ حلقہ پی پی 139شیخوپورہ سے مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا تنویر کے بھائی رانا افضال حسین 48 ہزار347ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے ہیں ،سنی اتحاد کونسل کے اعجاز حسین بھٹی 31 ہزار 263 ووٹ لیکر دوسرے نمبر رہے ۔واضع رہے نومنتخب رکن پنجاب اسمبلی رانا افضال حسین کا صاحبزادہ رانا عتیق انور رکن قومی اسمبلی ہے ۔

پی پی 54نارووال سے مسلم لیگ ن کے احمد اقبال چودھری 60,351ووٹ لے کر جیت گئے ،مد مقابل اویس قاسم 46,686ووٹ حاصل کر سکے ،احمد اقبال وفاقی وزیر احسن اقبال کے صاحبزادے ہیں ۔پی پی 93سے مسلم لیگ ن کے سعید اکبر 63,021ووٹ لے کر جیت گئے جبکہ مدمقابل محمد افضل ڈاڈھلہ 59,124ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ۔پی پی 290 ڈیرہ غاریخان میں مسلم لیگ ن کے علی احمد لغاری 66ہزار 413 ووٹ لے کرکامیاب ہوگئے ، سنی اتحادکونسل کے محی الدین کھوسہ 19 ہزار 322ووٹ لے دوسرے نمبر رہے ۔ گجرات کے حلقہ پی پی 32 میں مسلم لیگ ق کے امیدوار چودھری موسیٰ الٰہی 63ہزار536 ووٹ لیکر کا میاب ہو گئے جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے چودھری پرویز الٰہی 18 ہزار 237ووٹ لیکر ناکام ہوگئے ۔ پی پی 36 وزیرآباد سے مسلم لیگ ن کے امیدوار عدنان افضل چٹھہ74,779 ووٹ لے کر کامیاب جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار فیاض چٹھہ58,682ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ۔ حلقہ پی پی 22 تلہ گنگ سے مسلم لیگ ن کے ملک فلک شیر اعوان75ہزار 855 ووٹ لے کر جیت گئے ، سنی اتحاد کونسل کے امیدوار حکیم نثار احمد 64 ہزار 721 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ۔

پنجاب کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کی کامیابی پر وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کی عوام نے ایک بار پھر فیصلہ سنا دیا ،پنجاب نواز شریف کا تھا ہے اور رہے گا ،مسلم لیگ نون کے متوالوں کو شیر کی جیت خوشی مبارک ہو، مریم نواز کی کارکردگی کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے ۔ادھر خیبرپختونخوا میں صوبائی اسمبلی کی نشست پی کے 22 باجوڑ پر آزاد امیدوار مبارک زیب19,345ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے جبکہ مدمقابل جماعت اسلامی کے عابد خان 8,632ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ۔پی کے 91کوہاٹ سے سنی اتحاد کے داؤد شاہ23,496ووٹ لے کر فاتح رہے اور ان کے مدمقابل آزاد امیدوار امتیاز شاہد16,518ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ۔ اسی طرح این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان پر وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے بھائی فیصل امین نے 56,995ووٹ لے کر سیٹ جیت لی جبکہ ان کے مدمقابل پیپلزپارٹی کے عبدالرشید خان کنڈی صر ف 9,533ووٹ حاصل کر سکے ۔بلوچستان میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 20 خضدار سے بلوچستان نیشنل پارٹی کے امیدوار میر جہانزیب مینگل 30,455ووٹ حاصل کرکے 16ہزار144ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہوگئے جبکہ جھالاوان عوامی پینل کے سربراہ میر شفیق الرحمن مینگل 14,311 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے ،حلقہ پی بی 22لسبیلہ سے مسلم لیگ(ن)کے امیدوار زرین خان مگسی 49,777ووٹ لیکر45ہزار 908کی بھاری اکثریت سے جیت گئے جبکہ آزاد امیدوار شاہنواز حسن جاموٹ صرف3,869 ووٹ حاصل کر سکے ۔ علاوہ ازیں حلقہ پی بی 50 قلعہ عبداللہ میں ری پولنگ کے غیرحتمی نتائج کے مطابق پشتونخوامیپ کے میروائس خان 61678ووٹ لیکر پہلے جبکہ اے این پی کے امیدوار انجینئر زمرک خان اچکزئی 26435ووٹ لیکر دوسرے نمبر پررہے ۔

مذکورہ حلقہ کے عام انتخابات میں ہونیوالے الیکشن نتائج کو اس سے قبل سپریم کورٹ نے کالعدم قرار دیتے ہوئے دوبارہ الیکشن کا حکم دیا تھا۔ادھر ضمنی انتخابات کے موقع پر صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں نسبت روڈ، موچی دروازہ، گوالمنڈی، مصری شاہ، داتا نگر، ڈیوس روڈ، شاہ عالم مارکیٹ ،ریلوے روڈ فیض پارک، ویلنشیا ء ٹاؤن، واپڈا ٹاؤن، کاہنہ اور فیروز پور روڈ کے چند علاقوں میں انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر معطل رہی۔باغبانپورہ، مرغی خانہ چوک اور صدر کے کچھ علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بھی متاثر رہی جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم نتائج کے بعد رات گئے موبائل فون اورانٹرنیٹ سروس بحال ہوگئی۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن میں قائم مانیٹرنگ کنٹرول روم کو ضمنی الیکشن کے حوالے سے متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق مانیٹرنگ کنٹرو ل روم کو موصول 10 شکایات پولنگ میں تاخیر اور لڑائی جھگڑے سے متعلق ہیں ، تمام شکایات کا بروقت ازالہ کر دیا گیا ۔ دریں اثنا الیکشن کمیشن نے بلوچستان کے حلقہ پی بی50 قلعہ عبداللہ میں مسلح افراد کے پولنگ سٹیشن میں داخلے کا نوٹس لے لیا، چیف الیکشن کمشنر سکندر راجہ نے آئی جی بلوچستان سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت کاروائی کی ہدایت کی کر دی۔ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداﷲنے آگاہ کیا ہے پی بی 50 میں پولنگ سٹاف کے اغوا کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ،الیکشن کمیشن نے مختلف امیدواروں اور پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کی درخواست پر پولنگ سٹاف کے مبینہ اغوا کے واقعہ کی رپورٹ طلب کی تھی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں