عوام کو چندروز میں ریلیف ،ریلیف اور صرف ریلیف دیا:مریم نواز

عوام کو چندروز میں ریلیف ،ریلیف اور صرف ریلیف دیا:مریم نواز

لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلی ٰپنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ چند دن میں پنجاب کے عوام کو ریلیف،ریلیف اور صرف ریلیف دیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کا مزدور،کسان،محنت کش،طلبہ اور خواتین میری ترجیحات میں سرِفہرست ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا رمضان نگہبان پیکیج،20 ہزار بائیکس،سستا آٹا اور سستی روٹی ہماری چند دنوں کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 130 ارب کا کسان پیکیج نوازشریف کے زراعت دوست ویژن کی عکاسی کرتا ہے ۔عام آدمی کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے لیے میں اور میری ٹیم ہمہ وقت کوشاں ہیں۔جلد پنجاب میں لیب ٹاپ،آئی پیڈ سکیم بھی متعارف کروانے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرا مشن آپکے اور میرے قائد نواز شریف کے ویژن کو آگے بڑھانا ہے ۔ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) عوامی مسائل کے حل کے لیے پوری ایمانداری سے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کا ووٹر باہر نکلاجو کہ خوش آئند ہے ۔اور مسلم لیگ(ن) کے تمام امیدوار وں پر اظہار اعتماد کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے نارووال میں جاں بحق لیگی کارکن محمد یوسف کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔انہوں نے محمد یوسف کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور مزید کہا کہ قاتلوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔پی ٹی آئی کی غنڈہ گردی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ۔ سیاست کو نفرت اور ذاتی دشمنی میں تبدیل کرنا معاشرے کے لئے بڑا چیلنج ہے ۔ سیاست ، خدمت اور اصلاح کا نام ہے تشدد اور عدم برداشت کا نہیں۔ سیاست کو ذاتیات اور تشدد کی حد تک پہنچانے والے لوگ ہی اصل قوم کے دشمن ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں