وزیر اعلیٰ بچوں کی طرح پولیس یونیفارم میں آگئیں :پی ٹی آئی

وزیر اعلیٰ بچوں کی طرح پولیس یونیفارم میں آگئیں :پی ٹی آئی

لاہور،اسلام آباد(اپنے خبر نگار سے ،دنیانیوز، نیوز ایجنسیاں) پی ٹی آئی کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا ہے وزیر اعلٰی پنجاب پولیس یونیفارم میں پریڈ میں آگئیں۔

 قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ غیر سنجیدہ حکومت کیا کررہی ہے ؟ پولیس یونیفارم میں چیف منسٹر آرہی ہیں؟ دنیا میں کیا ہورہا ہے اور ہم کیا کررہے ہیں ۔بچوں کی طرح پولیس یونیفارم میں چیف منسٹر سامنے آگئیں۔دریں اثنا پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد نے کہا ہے مریم نواز آپ کو مبارک ہو آپ پولیس میں بھرتی ہو گئی ہیں ،اگر آپ بھرتی نہیں ہوئیں تو پولیس کی یونیفارم پہننا جرم ہے اس پر آپ کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے ۔انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا مسلم لیگ ن کے لیڈر رہائی کیلئے ڈیل کرتے ہیں پی ٹی آئی ڈیل نہیں کرے گی۔

رانا ثنا اللہ ہمیں ڈیل کا مشورہ نہ دیں ہم تمہاری طرح نہیں ہیں ،اگر ہمیں ڈیل کرنی ہوتی تو اب تک ہم رہا ہو چکے ہوتے ،صنم جاوید اور عالیہ حمزہ نے پی ٹی آئی کو چار چاند لگا دیئے ہیں ۔دوسری طرف سیشن کورٹ لاہور میں پنجاب پولیس کی وردی پہننے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست سماعت کے لئے مقرر ہوگئی،ایڈیشنل سیشن جج آج صبح 9 بجے درخواست پر سماعت کریں گے ، درخواست آفتاب باجوہ ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی گئی،جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم نواز نے پولیس آفیشل کی وردی پہنی، قانون کے مطابق کوئی بھی شخص ریاستی اداروں کی وردی نہیں پہن سکتا، پولیس کو مریم نواز کے خلاف درخواست دی مگر کارروائی نہیں ہوئی،مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کیاجائے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں