نواز شریف بانی پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے آمادہ :رانا ثنا

نواز شریف بانی پی ٹی آئی سے  مذاکرات کیلئے آمادہ :رانا ثنا

اسلام آباد (صباح نیوز) مسلم لیگ (ن)کے رہنما رانا ثنا اللہ نے انکشاف کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف ملک کی خاطر کل بھی بانی پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لئے آمادہ تھے اور آج بھی ہیں۔

 نیوز ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے ا نہوں نے کہاکہ نواز شریف نے بانی پی ٹی آئی سے اس وقت بھی بات کی جب 2014 میں انہوں نے 126 دن کا دھرنا دیا ہوا تھا اور پشاور میں آرمی پبلک سکول پر دہشت گرد حملہ ہوا تھا ، سابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ اتنے بڑے عہدے پر رہے ہیں انہیں جیب سے قرآن نکال کر قسمیں نہیں اٹھانی چاہیے تھیں ، تاہم ان کی بات یہ درست ہے کہ انہوں نے نواز شریف کو لندن نہیں بھجوایا۔رہنما مسلم لیگ (ن)کے مطابق نواز شریف کو علاج کی غرض سے بانی پی ٹی آئی اور ان کی کابینہ نے لندن بھجوایا تھا ، میں نے ایک لمحے کے لئے بھی نواز شریف کو مزاحمتی بیانیے سے پیچھے ہٹتے نہیں دیکھا، اس بیانیے کی وجہ سے نواز شریف کا کاروبار تباہ ہوا، حکومتیں گئیں، جلاوطنی کاٹی، جیلیں کاٹیں۔ ہم بانی پی ٹی آئی کے بیانیے سے سیاسی طور پر نمٹیں گے ، وہ اس بیانیے میں غلط ہیں، ہمارا اسٹیبلشمنٹ مخالف بیانیہ تھا کہ ادارے کاروبار حکومت میں مداخلت نہ کریں مگر بانی پی ٹی آئی کا مزاحمتی بیانیہ ہے کہ ادارے ملکی سیاست میں حصہ لیں۔ مسلم لیگ (ن)کے رہنما جاوید لطیف کی جانب سے وفاقی وزیر رانا تنویر پر 90 کروڑ روپے دے کر نشستیں لینے کے الزام پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ رانا تنویر کسی کو 90 روپے نہ دے ، 90 کروڑ کیا رانا تنویر کے گھر پر رکھے ہوئے تھے ؟ اتنی بڑی رقم کا اگر لین دین ہوا تو ا سکی کوئی ویڈیو ہی نہیں بنی،کوئی بینک ٹرانزیکشن نہیں ہوئی؟۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں