گندم کی خریداری شروع نہ ہونے پر کسان سڑکوں پر

گندم کی خریداری شروع نہ ہونے پر کسان سڑکوں پر

لاہور( کامرس رپورٹر،نمائندگان دنیا،نیوز ایجنسیاں)کسان حکومت کی طرف سے گندم کی فصل کی خریداری شروع نہ کئے جانے پرسڑکوں پرآگئے ، کسان بورڈ پاکستان کی جانب سے گندم پالیسی کے خلاف لاہور سمیت مختلف شہروں میں ڈی سی آفسز اور پریس کلبوں کے باہر احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔

کسانوں کا کہناتھا مڈل مین کی دیہاڑیاں لگوانے کیلئے حکومت گندم کی خریداری شروع نہیں کر رہی ،ہم کسان کہاں جائیں، خودکشیاں کریں یا ڈاکے ماریں۔کسان بورڈ پاکستان کی جانب سے سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال، قصور، اوکاڑہ، چنیوٹ، چونیاں، جھنگ، پاکپتن، ٹوبہ ٹیک سنگھ، شور کوٹ، شیخوپورہ، خوشاب، لیہ، ملتان، راجن پور، صادق آباد، بہاولنگر، وہاڑی، میانوالی، سرگودھا، وزیر آباد، گجرات اور دیگر اضلاع میں پریس کلب اور ڈی سی آفس کے سامنے بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ کسان بورڈ پاکستان کے مرکزی صدر سردار ظفر حسین خان اور مرکزی نائب صدر چودھری نور الٰہی تتلہ ایڈووکیٹ نے کہاحکومت پنجاب نے ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے تو کسان اسمبلی ہال تک جائیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں