وزیراعلیٰ ،گورنر قانونی طور پرپولیس وردی پہن سکتے ہیں :پولیس

وزیراعلیٰ ،گورنر قانونی طور پرپولیس وردی پہن سکتے ہیں :پولیس

لاہور (کرائم رپورٹر،سیاسی رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پولیس یونیفارم پہننے پر تنقید کے بعد پنجاب پولیس نے کہا ہے وزیراعلٰی اور گورنر پنجاب پولیس کی یونیفارم قانونی طور پر پہن سکتے ہیں۔

 جبکہ وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے پولیس یونیفارم پہننے پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا مریم نواز کے پولیس یونیفارم پہننے پر وہ ٹولہ تنقید کر رہا جن کا اپنا لیڈر اپنی ہی بیٹی کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں ۔سوشل میڈیا پر جاری محکمہ پولیس کے جاری بیان کے مطابق پولیس رولز کے آرٹیکل 27 رولز 4.2 کے مطابق وزیراعلٰی پنجاب خاص مواقع پر پولیس کی یونیفارم پہن سکتے ہیں۔ وزیراعلٰی اور گورنر پنجاب پا سنگ آؤٹ پریڈ، پولیس دربار، پولیس دفاتر کے دورے پر پولیس کی حوصلہ افزائی کیلئے پولیس یونیفارم پہن سکتے ہیں اور اس پرسی ایم اور گورنر پنجاب کی نیم پلیٹ لگائیں گے ۔ عظمیٰ بخاری کا کہناتھاکہ پوری دنیا میں سربراہان مملکت یونیفارم پہن کر اپنی فورسز کی عزت و تکریم میں اضافہ کرتے ہیں۔فتنہ پارٹی بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق پروپیگنڈاکر رہی ہے ،بشریٰ کو واقعی ہی لگتا ہے ان کو زہر دیا گیا تو پھر بلڈ ٹیسٹ دینے سے راہ فرار اختیار کیوں کی؟۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں