کسانوں کاسڑکوں پر احتجاج:وزیراعظم نے گندم کی خریداری بڑھادی

کسانوں کاسڑکوں پر احتجاج:وزیراعظم نے گندم کی خریداری بڑھادی

اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے گندم کی خریداری سے متعلق کسانوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی حکومت کو کسانوں سے گندم کی فوری خریداری کا حکم دے دیا۔

وزیرِ اعظم نے وفاقی حکومت کا گندم خریداری کا ہدف 14 لاکھ سے بڑھا کر 18 لاکھ میٹرک ٹن کر دیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب روانگی سے قبل کسانوں کے لئے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے وفاقی حکومت کی طرف سے کسانوں سے گندم کی فوری خریداری کا حکم دیتے ہوئے 14 لاکھ میٹرک ٹن کا ہدف بڑھا کر 18 لاکھ میٹرک ٹن کردیا ۔ وزیر اعظم کی جانب سے اس ضمن میں پاسکو کو گندم خریداری کا ہدف بڑھانے اور فوری خریداری یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے گندم کی خریداری کے حوالے سے پاسکو کو شفافیت اور کسانوں کی سہولت کو ترجیح دینے کی ہدایت بھی کی۔ واضح رہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کسانوں کی گندم خریداری سے متعلق مشکلات کو دیکھتے ہوئے یہ قدم اٹھایا ہے ۔دریں اثنا شہباز شریف 28 تا 29 اپریل 2024 کے دوران عالمی تعاون، نمو اور توانائی کے حوالے سے منعقد ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کیلئے سعودی عرب پہنچ گئے ۔ وزیراعظم شہبازشریف کا ڈپٹی گورنر ریاض شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز نے استقبال کیا۔سفیر پاکستان احمد فاروق اور دیگر سفارتی افسروں نے بھی وفد کا استقبال کیا، وزیراعظم سے مشیر شاہی دربار اور جنرل سیکرٹری سعودی پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل محمد بن مزیدالتویجری کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ملاقات میں دونوں اطراف سے معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے غیر معمولی گرمجوشی کا اظہار کیا گیا۔وفد نے کہا پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کی جانب سے ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کردیا گیا ہے ،جنگی بنیادوں پر پاکستان میں سرمایہ کاری پر کام شروع کر دیا ہے ، جس میں سرکاری اور نجی سیکٹر دونوں کی سرمایہ کاری شامل ہے ،سعودی کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں پر مشتمل اہم وفد انتہائی کم وقت میں پاکستان کا دورہ کرے گا ۔

وزیراعظم نے کہا پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں ،ہم پاکستان کی گورننس سٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے سعودی حکومت کی کامیاب اصلاحاتی پالیسی کے تجربے سے مستفید ہونا چاہتے ہیں ۔وزیراعظم شہباز شریف کا رات گئے وفاقی وزرا اور افسروں کے ساتھ مشاورتی اجلاس ہوا جس میں سعودی حکومت کے ساتھ سرمایہ کاری کے حوالے سے پیشرفت پر مختلف متعلقہ وزارتوں سے بریفنگ لی گئی۔وزیراعظم نے وفاقی وزرا سے عالمی اقتصادی فورم میں پاکستان کے مؤقف کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے کے حوالے سے بھی مشاورت کی،وزیراعظم نے کہا پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے دن رات محنت کرنی ہے ، سستی کی کوئی گنجائش نہیں، تیز رفتاری سے آگے بڑھنا ہے ، سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے ایس آئی ایف سی کا کردار انتہائی اہم ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم کو اجلاس میں شرکت کی دعوت سعودی ولی عہد اور سعودی مملکت کے وزیر اعظم محمد بن سلمان آل سعود اور عالمی اقتصادی فورم کے بانی اور چیف ایگزیکٹو کلائوس شویب کی جانب سے دی گئی ، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہے ، دورہ کے موقع پر وزیر اعظم اور وزرا تجارت اور سرمایہ کاری کے اقدامات، سرمایہ کاری کے نئے فریم ورک، سپلائی چین کی تنظیم نو، پائیدار ترقی، اور توانائی کے منظر نامے سے متعلق مسائل پرعالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ مرکزی تقریب کی سائڈ لائن پر وزیراعظم اور ان کا وفد عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے جن میں سعودی قیادت، بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان اور تقریب میں شریک دیگر اہم شخصیات شامل ہیں۔

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، نیو ز ایجنسیاں) حکومت کی طرف سے گندم کی خریداری شروع نہ ہونے پر کسان سڑکوں پر سراپا احتجاج بن گئے ۔کسان تنظیموں نے کل پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کردیا، پنجاب حکومت نے 22 اپریل سے گندم خریداری شروع کرنا تھی، گندم خریداری میں تاخیر کے باعث کسان اپنی کاشت کی گئی گندم کو شہر کی سڑکوں پر بیچنے پر مجبور ہیں، چیئرمین کسان اتحاد حسیب انور نے کہا حکومت اپنی مقرر کردہ امدادی قیمت پر گندم کی خریداری یقینی بنائے ،کل پنجاب اسمبلی کے سامنے کسانوں کا دھرنا مطالبات پورے ہونے تک جاری رہے گا،مرکزی چیئرمین کسان اتحاد خالد حسین باٹھ نے کہا جب تک پنجاب حکومت گندم نہیں خریدے گی مسئلہ حل نہیں ہوسکتا،4 لاکھ میٹرک ٹن مزید گندم خریدنے سے گزارا نہیں ہوگا، 40 سے 50 لاکھ میٹرک ٹن گند م پڑی ہوئی ہے ، وہ کہاں لے کر جائیں؟وزیراعظم نے 4لاکھ میٹرک ٹن مزید گندم خریدنے کا حکم دیا ہے ،یہ گندم پاسکو نے پورے پاکستان میں خریدنی ہے ، لیکن کچھ ہمارے اضلاع ایسے ہیں جہاں پاسکو کا سنٹر موجود نہیں ، اور نہ ہی گندم خریدی جاتی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں