وزیراعلیٰ کالاہور سمیت صوبہ میں بارشوں کے امکان پر حفاظتی اقدامات کا حکم

وزیراعلیٰ کالاہور سمیت صوبہ میں بارشوں کے امکان پر حفاظتی اقدامات کا حکم

لاہور،مری (اے پی پی ،نمائندہ دنیا)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں بارشوں کے امکان پر پیشگی حفاظتی اور ضروری انتظامی اقدامات کا حکم دیدیا ،29اپریل تک صوبے میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی پر اقدامات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

 وزیر اعلیٰ نے نکاسی آب کے لئے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ایم ڈی واسا کو متحرک رہنے کا حکم دیا اور متعلقہ آفیسرز کو تمام شفٹ فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کر دی۔ مریم نواز نے کہا نکاسی آب کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،لاہور ودیگر شہروں میں ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں ۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ہدایت کی میڈیا، سوشل میڈیا اور موبائل الرٹس سروس سے بھی مدد لی جائے ۔ دریں اثنائوزیر اعلیٰ مریم نواز نے سید محمد حسین گورنمنٹ ٹی بی سینیٹوریم ہسپتال ساملی کا دورہ کیا اور مری سمیت دیہی علاقوں میں مربوط ہیلتھ سسٹم قائم کرنے کا حکم دیا، پہاڑی علاقوں میں ایمر جنسی کی صورت میں مریضوں کی منتقلی کے لئے ہیلی پیڈ اور ایئر سٹریپ بنانے ،مدر اینڈ چائلڈ بلاک فوری فعال کرنے ،ڈاکٹرز سٹاف کی تعیناتی اور ان کی رہائشوں کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ساملی ہسپتال میں جنرل وارڈز قائم کرنے اور ہسپتال میں جدید ترین کارڈیک بلاک قائم کیا جائے ،سید محمد حسین گورنمنٹ ٹی بی سینیٹوریم ہسپتال میں کینسر کے علاج کے لیے اینکالوجی یونٹ بھی بنایا جائے ، میڈیسن، سرجری، یورالوجی، آرتھو پیڈیک ، آئی، ای این ٹی وارڈز بنائے جائیں۔ وزیر اعلٰی نے مری میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور ساملی ہسپتال میں مریضوں کی منتقلی کے لئے فوری طور پر ٹرانسپورٹ چلانے کی ہدایت بھی کی ۔اپنے دورے کے دوران وزیر اعلیٰ مریم نواز نے او پی ڈی وارڈ اور دیگر شعبوں کا جائزہ لیا اور اس موقع پر انہوں نے او پی ڈی میں موجود خاتون کے بھائی کے فوری علاج کے لئے اقدامات کی ہدایت کرتے کہا کہ مریض کی منتقلی کے لئے میر ا ہیلی کاپٹر بھی چاہئے تو حاضر ہے ،مریم نواز ٹی بی وارڈز میں بھی گئیں اور ہر مریض کے پاس جا کر تیمارداری کی۔ وزیراعلٰی نے ٹی بی کے مریض راجہ اسرار سمیت وہاں موجود دیگر مریضوں سے ادویات کی مفت فراہمی اور علاج بارے دریافت کیا ۔ مریم نواز نے سید محمد حسین گورنمنٹ ٹی بی سینیٹوریم ہسپتال کے انتظامات اور علاج پر اظہار اطمینان کیا ۔اس موقع پر ایم این اے راجہ اسامہ اشفاق سرور ،ایم پی اے بلال یامین ستی ،چیف سیکرٹری زاہد اختر ،کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک اور دیگر حکام بھی موجود تھے ۔بعد ازاں مریم نواز ہسپتال سے کشمیر پوائنٹ پر واقع اپنی رہائش گاہ پہنچ گئیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں