کراچی:خاتون کو لوٹنے والے 2 ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے ،تشدد کے بعد آگ لگادی

کراچی:خاتون کو لوٹنے والے  2 ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ  گئے ،تشدد کے بعد آگ لگادی

کراچی (سٹاف رپورٹر) کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں خاتون سے لوٹ مار کرنے والے ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھ گئے ۔

 آئے روز ڈکیتیوں سے پریشان شہریوں نے ڈاکوؤں کو پہلے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، اس کے بعد پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔واقعہ کی فوٹیج میں ایک شہری کو آگ بجھاتے بھی دیکھاگیا ۔ آگ لگنے سے دونوں ڈاکو زخمی ہوگئے ، جنہیں پولیس نے حراست میں لے لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ تشدد کا نشانہ بننے والے ملزمان سے اسلحہ اور موبائل فون بھی برآمد ہوا ہے جبکہ واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔پولیس کے مطابق زیر حراست ڈاکوؤں کی شناخت عبداللہ اور شاہزیب کے نام سے ہوئی، جن کے قبضے سے 2 عدد پسٹل 30 بور، لوڈ میگزین اور موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی ، جو سرجانی ٹاؤن کی حدود سے چھینی گئی تھی، جس کا مقدمہ درج ہے ۔پولیس کے مطابق ملزم شاہزیب کا کرمنل ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے ، وہ اس سے قبل اقبال مارکیٹ تھانے پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہوچکا ہے ۔ ملزمان کے خلاف کارروائی کے بعد مقدمات درج کیے جارہے ہیں، جبکہ ڈاکوؤں کو جلانے کی کوشش میں ملوث افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ نشاندہی کے بعد آگ لگانے والے شہریوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں