ہرنائی :نوشکی طرز کی دہشتگردی کی کوشش ناکام ، 1دہشتگرد ہلاک

ہرنائی :نوشکی طرز کی دہشتگردی کی  کوشش ناکام ، 1دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی،کوئٹہ (خصوصی نیوز رپورٹر،این این آئی)بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے نوشکی طرز کی دہشتگردی کی کوشش ناکام بنا دی،فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد ہلاک دوسرا زخمی کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع ہرنائی میں سنجاوی روڈ پر زندہ پیر کے مقام پر دہشتگردوں نے مسافر گاڑیوں سے شہریوں کو اتارنے کی کوشش کی تو سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر پہنچ کرجوابی کارروائی کی اور دہشت گردوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، فائرنگ کے نتیجے میں ایک دہشتگرد ہلاک اور دوسرا زخمی ہو گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کے بروقت جواب نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور معصوم جانیں بچ گئیں تاہم علاقے میں کسی بھی دہشت گرد کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے ،پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں