یوم تاسیس ریلی:پی ٹی آئی رہنما علی بخاری کی عبوری ضمانت

یوم تاسیس ریلی:پی ٹی آئی رہنما  علی بخاری کی عبوری ضمانت

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اویس محمد نے پی ٹی آئی کے 28 ویں یوم تاسیس اور پابند سلاسل رہنماؤں و کارکنوں کی رہائی کیلئے ریلی پر درج مقدمہ میں پی ٹی آئی رہنما علی بخاری کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔

 علی بخاری وکیل ریاست علی و دیگر وکلاء کے ہمراہ پیش ہوئے ، وکیل نے کہا سیاسی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا، ضمانت منظور کی جائے ، عدالت نے 10 ہزار کے مچلکوں پر عبوری ضمانت منظور کر کے فریقین کو جواب کیلئے نوٹس جاری اور سماعت 7 مئی تک ملتوی کر دی۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تھانہ انڈسٹریل ایریا میں درج مقدمہ میں ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت 17 مئی تک ملتوی اور تھانہ سنمبل میں درج مقدمہ میں فیصل جاوید ،عامرمغل کی ضمانت میں 6مئی تک توسیع کر دی۔ فاضل جج نے کہا سب درخواستیں ایک ساتھ سن لیں گے ، وکیل نے کہا چالان جمع ہو چکا، عدالت نوٹس جاری کرے جو پیش نہیں ہو رہے وارنٹ جاری کئے جائیں۔ فاضل جج نے کہا حاضری پوری کریں اور نقول وصول کر لیں، عامر کیانی پیش نہیں ہوئے آپ کہتے ہیں وارنٹ جاری کرتے ہیں، میں آرڈر کروں گا، قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے ۔ عدالت نے حاضری مکمل کر کے نقول کی تقسیم کیلئے 17 مئی تاریخ مقرر کر دی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں