کینیڈین کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

کینیڈین کمپنیوں کو پاکستان  میں سرمایہ کاری کی دعوت

اسلام آباد (اے پی پی)کینیڈین کمپنیوں کو پاکستان میں توانائی، کان کنی اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت ، پاکستان اور کینیڈا میں دوطرفہ سیاسی مشاورت کا 5واں اجلاس اوٹاوا میں ہوا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئو ں کا جائزہ لیا اور مزید تعاون کے مواقع اور خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، پارلیمانی تبادلوں، انسداد دہشت گردی اور عوام سے عوام کے رابطوں کے شعبوں میں امکانات کی نشاندہی کی ۔ ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ نے کینیڈین فریق کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات سے آگاہ کیا اور کینیڈین کمپنیوں کو پاکستان میں توانائی، کان کنی اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔فریقین نے دوطرفہ تعلقات میں مجموعی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی فورمز پر تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا اور تعاون اور بات چیت کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں