وکلا کیخلاف مقدمات ختم، باعزت بری کریں:وکلا کنونشن

وکلا کیخلاف مقدمات ختم، باعزت بری کریں:وکلا کنونشن

لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ بار ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام آل پاکستان وکلا کنونشن کا انعقاد ہوا، سینیٹر حامد خان نے کہا اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججوں کو خط لکھنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ان بہادر ججوں نے عدلیہ کی عزت بڑھائی ہے ،وکلا بہادر ججز کے ساتھ ہیں،اس وقت عدلیہ کی آزادی چھینی جا رہی ہے ،اس کیس کو فل کورٹ سنے ،اگر کوئی کہتا ہے کہ چیف جسٹس کو ایکسٹینشن دیں گے تو یہ بڑا دھوکا ہے ،وکلا کی جانب سے ایکسٹینشن کی مزاحمت ہو گی۔وائس چیئر مین پنجاب بار کونسل کامران بشیر مغل نے کہا وکلا کو دیوار کے ساتھ لگانے کی کوشش ہو رہی ہے ،عدالتوں کی نہیں وکلا کی تقسیم کی کوششیں کر رہے ہیں،کہا گیا نئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ معاملات حل کر دیں گے ،اب نیا کام شروع ہو گیا وکلا پر ایف آئی آر کا اندراج ہو رہا ہے ،سابق نائب صدر لاہور ہائیکورٹ بار رابعہ باجوہ نے کہا اس وقت پاکستان کے حالات ٹھیک نہیں ،آج کسانوں کے ساتھ بھی زیادتی ہو رہی ہے ، سابق صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری نے کہا کہ وکلا کو ججز کو نہیں ملنا چاہیے ،وکلا کے گھروں میں چھاپے یا فیملی کو ہراساں کرنا مناسب بات نہیں۔کنونشن کے اختتام پر اعلامیہ میں کہا گیاکہ وکلا کے خلاف درج مقدمات کو فی الفور ختم کیا جائے ملک بھر میں گرفتار وکلاء کو باعزت بری کیا جائے ،لاہور کی ماڈل ٹاؤن کورٹس میں عدالتیں منتقل کرنے کا نوٹیفکیشن واپس لیا جائے جس طرح پہلے لاہور کی عدالتیں ایک جگہ پر موجود تھیں ویسے کام شروع کریں، اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کو مشکوک خطوط پر عدالت عظمیٰ کی طرف سے از خود نوٹس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے ذمہ داروں کو سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ کوئی آئندہ ایسی جرات نہ کرسکے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں