غیرملکی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے سپیشل فورس بنانے کا فیصلہ

غیرملکی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے سپیشل فورس بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر ، نیوز ایجنسیاں )وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں امن عامہ کو بہتر بنانے اور جرائم پیشہ گینگ کی سرکوبی کے لئے آئی جی اسلام آباد پولیس اور پوری ٹیم کو ٹاسک دے دیا۔

 وزیر داخلہ کی زیر صدارت اسلام آباد میں امن عامہ کی صورتحال سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے امن و امان کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔وزیرداخلہ نے منشیات فروشی میں ملوث گینگز کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں کے باہر آئس سمیت دیگر  نشہ آور اشیا کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں ،سخت ترین ایکشن ہو گا۔ انہوں نے بھکاری مافیا اور پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف بھی موثر کارروائی کا حکم دیا۔ انہوں نے غیر ملکی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے اسلام آباد میں غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے سپیشل پروٹیکشن فورس بنانے کا اصولی فیصلہ بھی کیاہے ، وزیرداخلہ نے ایف آئی آر کے اندراج کو 100 فیصد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر کسی طور قبول نہیں۔ ایف آئی آر درج نہ کرنے پر متعلقہ پولیس افسر کے خلاف کارروائی ہو گی،محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کے پروموشن کیسز کو فوری نمٹانے کا حکم دیا اور تمام خالی آسامیوں پر بھرتی کی ہدایت کی ،دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی قونصلیٹ کا دورہ کیا ، چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے وفاقی وزیرداخلہ کا خیر مقدم کیا ، اس موقع پر ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر پاکستان میں چینی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا،وفاقی وزیر نے قونصل جنرل کو چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان میں موجود چینی شہریوں کی حفاظت ہماری قومی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کو ایس او پیز کے مطابق چینی شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں ،محسن نقوی نے کہا کہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، چینی بھائیوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی،پاکستان اور چین کے درمیان باہمی اعتماد کے رشتے ہر آنے والے روز مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔ چینی قونصل جنرل نے اس موقع پر کہا کہ چین اور پاکستان ہر موسم کے دوست ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں