سابق ایم این اے افضل تارڑ کا 95برس کی عمر میں انتقال

 سابق ایم این اے افضل تارڑ  کا 95برس کی عمر میں انتقال

حافظ آباد(نامہ نگار،نمائندہ دنیا )سابق وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ ایم این اے کے والد اور قائد ن لیگ میاں محمد نواز شریف کے دیرینہ ساتھی اور سابق ایم این اے میاں افضل حسین تارڑ 95برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے ۔

 مرحوم ن لیگ  کی ٹکٹ پر دوبار ایم این اے منتخب ہوئے اور گوجرانوالہ ڈسٹرکٹ کونسل کے علاقہ ڈسٹرکٹ کونسل حافظ آباد کے چیئرمین بھی رہے ۔ انکا شمار بااصول سیاستدانوں میں ہوتاتھا۔نوے کی دہائی میں میاں محمد نواز شریف کے دورہ حافظ آباد پر ان پر قاتلانہ حملہ کے دوران افضل حسین تارڑ دفاعی  حصار بن گئے تھے جس کے بعد قائد ن لیگ انکا بے حد احترام کرتے تھے ۔ میاں افضل حسین کی وفات پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مرحوم کی بیٹی سائرہ افضل تارڑ اور انکے دیگر اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ افضل حسین تارڑ کی وفات ہم سب کے لئے بڑا صدمہ ہے ۔وہ موسموں کی تبدیلی کے ساتھ تبدیل نہیں ہوتے تھے ۔افضل تارڑ قائد نواز شریف کے قریبی بااعتماد اور وفاشعار ساتھی تھے ۔انکی ملک قوم پارٹی اور علاقے کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔دوسری جانب میاں افضل حسین تارڑ کی نماز جنازہ انکے آبائی قصبہ کولو تارڑ میں اداکی گئی جس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ، سینئر بیورکریٹ بابر حیات تارڑ ، صوبائی سیکرٹری انفارمیشن احمد عزیزکے علاوہ وزرا ، ممبران اسمبلی ، بیوروکریٹس اور ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں