اسحق ڈار کو نائب وزیراعظم بناناغیر ضروری اقدام :تھنک ٹینک

 اسحق ڈار کو نائب وزیراعظم بناناغیر ضروری اقدام :تھنک ٹینک

لاہور ( دنیا نیوز )دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘تھنک ٹینک ’’میں گفتگو کرتے ہوئے معروف تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ نائب وزیراعظم کا عہدہ قانونی عہدہ نہیں ، یہ عہدہ انتظامی فیصلہ ہے ،اسحق ڈار کے نائب وزیراعظم بننے سے عوام کو کوئی فائدہ ہو گا نہ ہی معاشی مسائل حل ہوں گے ۔

دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی اسحق ڈار کو نائب وزیراعظم مقرر کرنے کی وجہ ٹیکنیکل ،اب کابینہ اجلاس میں اسحق ڈار نائب وزیراعظم بننے کے بعد خواجہ آصف کی جگہ پر بیٹھیں گے ، اسحق ڈا ر کو جس مقصد کے تحت نائب وزیراعظم بنایا گیا شاید یہ پورا نہ ہو۔معروف تجزیہ کار ڈاکٹر رسول بخش رئیس نے کہا کہ وزیراعظم شہباز  شریف، اسحق ڈار سعودی عرب کے دورے پر ہیں ، ایسے اعلانات کسی ملک کی سرزمین پر نہیں ہوتے ، آئین وقانون میں اس عہدہ کا وجود نہیں ، اگر اس کے پیچھے مرضی نواز شریف کی ہے تو یہ عہدہ انتہائی اہم بھی ہو سکتا ہے ۔ معروف تجزیہ کار رشید صافی نے کہا کہ اسحق ڈار کو نائب وزیراعظم مقرر کر کے ن لیگ نے غیر ضروری کام کیا ، اس اقدام سے ن لیگ کی سیاسی مشکلات میں اضافہ ہو گا،اس میں عوام کو یہ پیغام بھی ہے کہ یہ ملک خاندانی سیاست کے شکنجے میں بری طرح پھنسا ہوا ہے ، شہباز شریف نے اسحق ڈار کو وزیرخزانہ نہیں بنایا تھا ،مجھے لگتا ہے یہاں ایک میسج بھی دیا گیا ہے کہ اگر ہماری راہ روکو گے توہم یہ طریقہ کار اختیار کریں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں