بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے ٹرین مارچ کراچی سے سکھر پہنچ گیا

بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے ٹرین مارچ کراچی سے سکھر پہنچ گیا

کراچی (این این آئی) تحریک انصاف سندھ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف کراچی تا سکھر ٹرین مارچ کیا گیا۔

 جس میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما بیرسٹرشعیب شاہین، حلیم عادل شیخ ، علی پلھ، جسٹس(ر)نور الحق قریشی، فہیم خان، جمال صدیقی، حاجی نثار آرائیں،سرینا عدنان، ارسلان خالد، جان شیر سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ ٹرین مارچ بذریعہ عوامی ایکسپریس کیا گیا جو جنگ شاہی اسٹیشن، کوٹری ، حیدرآباد ،شہدادپور ، نوابشاہ، محراب سمیت دیگر اسٹیشنوں سے ہوتا ہوا روہڑی پہنچا ۔ تمام اسٹیشنوں پر ٹرین مارچ کا پی ٹی آئی رہنماؤں، کارکنوں اور شہریوں نے والہانہ استقبال کیا اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی، مینڈیٹ کی واپسی کے لئے نعرے بازی کی۔ مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر خطاب میں شعیب شاہین نے کہاکہ ہماری جدوجہد پر امن ہے ، خواہ وہ لانگ مارچ ہو یا ریلی بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ سندھ کے عوام نے ٹرین مارچ کا استقبال کر کے ثابت کر دیا کہ وہ بھی بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں، بہت جلد سندھ کے عوام کو ڈاکوؤں سے نجات دلوائیں گے ، بانی پی ٹی آئی جلد باہر ہونگے اور عوام کو حقیقی آزادی دلوائیں گے ۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ یہ ٹرین مارچ ان کو جگانے کے لئے ہے جو سمجھ رہے ہیں کہ ایسے ہی کام چل جائے گا، اب ہر جگہ صرف ایک ہی آواز ہوگی ریلیز بانی پی ٹی آئی، جب تک وہ آزاد نہیں ہونگے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ اب وقت دور نہیں بہت جلد سندھ میں تحریک انصاف کی حکومت ہوگی اور عوام کو چوروں سے نجات دلوائیں گے ، سندھ کے عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو آزاد کیا جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں