اسٹاک ایکسچینج:تیزی، سرمایہ 100 کھرب روپے سے متجاوز

اسٹاک ایکسچینج:تیزی، سرمایہ 100 کھرب روپے سے متجاوز

کراچی(بزنس ڈیسک)اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ ساز تیزی کا سلسلہ منگل کو بھی دیکھا گیا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 732 پوائنٹس کے اضافے سے 74 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرتے ہوئے پہلی بار 74531 پوائنٹس کی بلند سطح پر بند ہوا۔

 اس دوران سرمایہ کاروں کو 78 ارب روپے کا منافع ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم ایک بار پھر 100 کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جب کہ 48.96 فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں آئل اینڈ گیس اور آٹو سیکٹرز کی سرگرمیوں میں تیزی دیکھی گئی فارن انفلو کی آمد سے مارکیٹ نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے ٹریڈنگ کے دوران اگرچہ مارکیٹ 1776 پوائنٹس کیساتھ پلس سائڈ پر گئی تاہم 177 پوائنٹس منفی بھی رہی۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 30 انڈیکس 330 پوائنٹس کے اضافے سے 23954 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 47934 پوائنٹس سے بڑھ کر 48311 پوائنٹس ہوگیا۔ سرمایہ بڑھ کر 100 کھرب 37 ارب روپے ہوگیا۔ منگل کو 23 ارب روپے مالیت کے 57 کروڑ 41 لاکھ 82 ہزار حصص کے سودے ہوئے۔ مجموعی طور پر 388 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 190 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 178 میں کمی اور 20 میں استحکام رہا۔کاروبار کے لحاظ سے سنر جیکو پاک لمیٹڈ 3 کروڑ 54 لاکھ اور ورلڈ کال ٹیلی کام 2 کروڑ 98 لاکھ  کے سودوں سے سرفہرست رہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں