ٹانک سے اغوا سیشن جج باحفاظت بازیاب،گھرپہنچ گئے

ٹانک سے اغوا سیشن جج باحفاظت بازیاب،گھرپہنچ گئے

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں)ٹانک سے اغوا ہونے والے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاکر اللہ کو باحٖفاظت بازیاب کرالیاگیا ہے ،سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ جج شاکر اللہ مروت بخیریت اپنے گھر پہنچ گئے ہیں، ان کو غیرمشروط طور پربازیاب کرایا گیا۔

اس حوالے سے مشیراطلاعات بیرسٹرسیف کا کہنا ہے کہ جج شاکر اللہ کو بازیابی پر مبارکباد دیتا ہوں، صوبائی حکومت سکیورٹی فورسز سے مل کر دہشت گردی سے نمٹ رہی ہے اور امن وامان کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،قبل ازیں واقعہ کی تحقیقات کیلئے سی ٹی ڈی ،پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام پرمشتمل کمیٹی قائم کی گئی اور جج کی گاڑی کو ریکور کرلیا گیا ،پولیس کی ٹیموں نے جائے وقوعہ کے روٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلیں جبکہ ڈی آئی خان ریجن میں سرچ آپریشن کے دوران کئی مشتبہ افراد سے تفتیش بھی کی گئی ،ادھرتھانہ سی ٹی ڈی ڈیرہ غازی خان میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف اغواکامقدمہ درج کرلیا گیاجبکہ مقدمہ میں 7اے ٹی اے اور 149، 148سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق ڈیرہ ٹانک روڈ گرہ محبت موڑ جب جج کی گاڑی پہنچی تو 25سے 30ملزم وہاں کھڑے تھے ، ملزم بھاری اسلحے سے لیس تھے اور 5موٹرسائیکلوں سے روڈ بلاک کررکھا تھا، جج پینٹ شرٹ پہنے ہوئے تھے ، ملزموں نے گاڑی سے شلوار قمیض نکال کر پہننے کو کہا، جج نے لباس تبدیل کیا، بعدازاں دہشتگردوں نے گاڑی کو آگ لگادی،دہشتگرد وں میں مروت، محسود، گنڈاپور اور افغانی شامل تھے ،مقدمہ کے متن میں بتایا گیا کہ ڈرائیور کو رہا کرکے دہشت گردوں نے اپنا پیغام پہنچانے کو کہا، اپنے پیغام میں دہشت گردوں کا کہنا تھا کہ انکے رشتہ داروں اور خواتین کو جیلوں میں رکھا ہوا ہے ،ہم اپنے مطالبات پیش کریں گے ، اگر پورے کئے تو جج کو چھوڑ دیں گے ، ورنہ سنگین نتائج بھگتنا ہونگے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں