مردان:ریلوے گودام پر قابض گروپ کی فائرنگ،2کانسٹیبل شہید

مردان:ریلوے گودام پر قابض گروپ کی فائرنگ،2کانسٹیبل شہید

مردان ،لاہور(نیوزایجنسیاں ،سٹاف رپورٹر) مردان میں ریلوے پولیس کے غیرقانونی تجاوزات کیخلاف ایکشن کے دوران قابضین نے فائرنگ کردی جس سے 2کانسٹیبل شہید ہوگئے جبکہ 5افراد زخمی ہوئے ۔

تفصیلات کے مطابق مردان ریلوے سٹیشن کے قریب   زمان سنز ریلوے گودام کو عدالتی احکامات کے برخلاف ڈی سیل کرنے کی اطلاع پر ریلوے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم گزشتہ صبح نو بجے گودام کے پاس پہنچی تو قابضین نے فائرنگ کر دی ، جس کے نتیجہ میں کانسٹیبل محمد وقاص اور کانسٹیبل عمر خان شہید ہو گئے اوروہاں موجود 5افراد زخمی بھی ہوئے ،جوابی کارروائی میں دو حملہ آوروں منصف اور جمشید کو گرفتار کر لیاگیااور ریلوے پولیس کی مدعیت میں حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ۔واضح رہے کہ زمان سنز ریلوے گودام کو ضلعی انتظامیہ نے ریلوے کی طرف سے دائر کیس میں ایڈیشنل سیشن جج کے احکامات کی روشنی میں سیل کر دیا تھا اورپشاور ہائیکورٹ نے بھی گودام کھولنے کی اجازت نہیں دی ۔ قابضین نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گودام کی ایک سائیڈ کو ڈی سیل کر دیا تھاجس کی اطلاع ملنے پر ریلوے ٹیم نے کارروائی کی۔چیف ایگزیکٹو افسر پاکستان ریلویز عامر علی بلوچ نے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پشاور کو واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ۔ ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ ریلوے انتظامیہ ریلوے پولیس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ، حملہ آوروں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔ آئی جی ریلویز نے افسوسناک واقعہ پر کہا کہ شہید کانسٹیبلز ہمارا فخر ہیں، ان کے ورثا کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور قانون کے مطابق ان کی پوری معاونت کی جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں