آئرلینڈ کو شکست ، تیسرا ٹی 20 اور سیریز پاکستان کے نام

آئرلینڈ  کو  شکست  ،  تیسرا  ٹی  20 اور سیریز  پاکستان  کے  نام

ڈبلن (سپورٹس ڈیسک )پاکستان نے میزبان آئرلینڈ کو تیسرے ٹی ٹونٹی میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی،ڈبلن میں کھیلے گئے اس میچ میں آئرلینڈ کا 179 رنز کا ہدف قومی بیٹرز نے 17ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

 بابر اعظم اور محمد رضوان نے 10ویں مرتبہ سنچری پارٹنرشپ بناڈالی۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے 75 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 6 چوکے اور 5 بلند و بالا چھکے شامل تھے ۔ محمد رضوان نے 38 گیندوں پر 56 رنز بنائے ۔ صائم ایوب 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اعظم خان 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔آئرلینڈ کے مارک ایڈائر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک وکٹ کریگ ینگ نے لی۔اس سے قبل کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ لائن کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔آئرلینڈ کے لورکان ٹکر نے 41 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز 13 چوکوں اور ایک چھکے سے مزین تھی۔دیگر کھلاڑیوں میں اینڈی بالبرنی 35 اور ہیری ٹیک ٹور نے 30 رنز کی نمایاں باری کھیلی ، یوں آئرلینڈ نے 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 178 رنز بنائے ،گرین شرٹس کی طرف سے شاہین آفریدی نے 14 رنز دے کر 3 اورعباس آفریدی نے 43 رنز دے کر 2 جبکہ محمد عامر اور عماد وسیم نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔ شاہین آفریدی کومین آف دی میچ قراردیاگیا۔تیسرے ٹی ٹونٹی کے لیے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی جہاں نسیم شاہ کی جگہ پر حسن علی کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا۔آئرش ٹیم میں آخری میچ کے لیے دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ پال اسٹرلنگ اور گریتھ ڈینلے کی جگہ پر روس ایڈائر اور نیل راک کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھی۔پہلے میچ میں آئرلینڈ نے کامیابی سمیٹی تھی جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان نے ہوم ٹیم کو باآسانی زیر کردیا تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں