وائٹ بال کوچ گیری کرسٹن 19مئی کو ٹیم جوائن کرینگے

وائٹ بال کوچ گیری کرسٹن 19مئی کو ٹیم جوائن کرینگے

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ گیری کرسٹن پاکستان ٹیم کے وائٹ بال ہیڈ کوچ کے طور پر اپنی دو سالہ مدت کا آغاز کرنے کیلئے 19 مئی کو لیڈز میں پاکستان ٹیم کو جوائن کرلیں گے ۔

جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے 56 سالہ گیری کرسٹن 22 مئی کو ہیڈنگلے میں انگلینڈ کے خلاف چار میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کے آغاز سے تین دن قبل ٹیم میں شامل ہونگے ۔ اس سیریز کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم امریکا اور ویسٹ انڈیز میں منعقدہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں حصہ لے گی جس میں پاکستان ٹیم 6 جون کو ڈیلاس میں اپنے افتتاحی میچ میں میزبان امریکا کا مقابلہ کرے گی ،گیری کرسٹن کا کہنا ہے میں پاکستانی ٹیم کے ساتھ اس نئے سفر کا آغاز کرنے کیلئے پُرجوش ہوں۔ ایسی باصلاحیت اور متحرک ٹیم کی کوچنگ کرنا اعزاز کی بات ہے ۔ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2024 ہمارے لیے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور کرکٹ میں ایک مضبوط قوت کے طور پر پاکستان کی پوزیشن کو برقرار رکھنے کا ایک شاندار موقع ہے تاہم کامیابی کے لیے اجتماعی کوشش، منصوبہ بندی اور ایک دوسرے کے لیے غیر متزلزل تعاون کی ضرورت ہوگی۔دریں اثنا، پی سی بی نے ٹیم انتظامیہ کی تجویز پر سائمن ہیلمٹ (فیلڈنگ کوچ) اور ڈیوڈ ریڈ (مینٹل پرفارمنس کوچ) کو پلیئر سپورٹ اسٹاف میں شامل کرلیا۔

ڈیوڈ ریڈ 20 مئی کو ٹیم کو جوائن کریں گے اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024 تک ذمہ داری نبھائیں گے جبکہ سائمن ہیلمٹ 31 مئی کو ٹیم کو جوائن کریں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں