ہمارے بیک ڈور کسی سے مذاکرات نہیں ہو رہے : بیرسٹر گوہر

ہمارے بیک ڈور کسی سے مذاکرات نہیں ہو رہے : بیرسٹر گوہر

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے،خصوصی نیوز رپورٹر)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں تفصیلی ملاقات ہوئی ہے۔

افضل مروت کے ہمراہ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کسی بھی طرح کے مذاکرات کے بارے کسی لیڈر کو کوئی ہدایات نہیں۔ ہمارے بیک ڈور کسی سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔ بانی پی ٹی آئی نے کچھ لوگوں کا نام لیا ہے مذاکرات کے لئے لیکن فی الوقت کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔ چیئرمین پی اے سی پر مشاورت جاری ہے ، شیر افضل مروت کا نام بھی فہرست میں شامل ہے ۔ پی اے سی چیئرمین کا حتمی نام آج تک فائنل کر لیں گے ۔ پارٹی چھوڑنے والے رہنماؤں کو واپس پارٹی میں لینے کے لئے بانی پی ٹی آئی ہی فیصلہ کریں گے۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا اسحاق ڈار نواز شریف کا فرنٹ مین ہے اسی لئے اس کو ڈپٹی وزیر اعظم بنایا۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ مینڈیٹ چور خاندان کی جانب سے خود ساختہ ماورائے آئین عہدوں کی تخلیق کا مقصد اقتدار کی باگ دوڑکو اپنی آئندہ نسلوں تک منتقل کرنا ہے۔ اسحاق ڈار کی بطور ڈپٹی وزیراعظم تعیّناتی کی کوئی آئینی یا قانونی بنیادنہیں جسے خود ان کے اتحادی بھی قبول کرنے کو تیار نہیں، ترجمان نے کہا کہ کسان کا بدترین معاشی استحصال کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا اسلام آباد ہائی کورٹ کے معزز جج جسٹس بابر ستار کے خلاف توہین آمیز مہم کی ذمہ دار حکومت ہے ۔ترجمان نے کہا کہ آئین و قانون کی حکمرانی کے تصور سے نابلد غیر جمہوری عناصر اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے سیاست کے بعد عدلیہ کی تباہی کے ایجنڈے کی تکمیل کیلئے سرگرم ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں