فارم 47 کی حکومت تسلیم نہیں، چیف جسٹس ایکشن لیں، حافظ نعیم

فارم 47 کی حکومت تسلیم نہیں، چیف جسٹس ایکشن لیں، حافظ نعیم

کراچی(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ نواز لیگ، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم جعلی فارم 47 کے نتائج سے برآمد ہونے والی حکومت سے دستبردار ہوں، فارم 47 کی بنیاد پر بننے والی حکومت تسلیم نہیں کرسکتے، جعل سازی سے بنی یہ حکومت زیادہ دیر نہیں چلے گی۔

تمام ادارے اپنی آئینی پوزیشن پر واپس جائیں، چیف جسٹس اس حوالے سے ایکشن لیں، اعلیٰ عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے اور اصلی فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کرکے عوام کی حقیقی نمائندہ حکومت بنائی جائے، جماعت اسلامی اس حوالے سے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کر رہی ہے حکومت کی جانب سے پیدا شدہ گندم بحران، کم قیمت پر خریداری کے خلاف اور کسانوں کے حقوق کے لیے آج (30 اپریل کو) پنجاب بھر میں احتجاج اور دھرنے دیئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کراچی پریس کلب کے پروگرام ‘‘میٹ دی پریس’’ میں صحافیوں سے گفتگو اور ان کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ آئین کی پامالی سے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا،کراچی منی پاکستان ہے، یہ 54 فیصد امپورٹ، 42 فیصد ٹیکس اور 67 فیصد ریونیو قومی خزانے میں جمع کروانے والا شہر ہے لیکن یہاں کی صنعتیں مہنگی بجلی، گیس کے بحران اور پانی کی عدم فراہمی کا شکار ہیں جب صنعتوں کو بنیادی سہولیات نہیں ملیں گی تو پیدوار کیسے بڑھے گی اور معیشت کس طرح ترقی کرے گی۔ عام انتخابات میں جس طرح ناجائز طریقے سے پارٹیوں کو مسلط کیا گیا عوام اس کا حساب ضرور لیں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں