پاکستان سے گوشت کی درآمد شرو ع کر دی :ایرانی قونصل جنرل

 پاکستان سے گوشت کی درآمد شرو ع کر دی :ایرانی قونصل جنرل

لاہور(سٹاف رپورٹر)ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران ترقی میں ایک دوسرے سے تعاون پر متفق ہیں ،ایران گزشتہ دو ماہ سے پاکستان سے گوشت درآمد کر رہا ہے۔

ایرانی طلبہ لاہور میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ایرانی صدر کے دورے کے بعد تعلقات کو نئی جہت ملے گی ۔وہ گزشتہ روز لاہور میں دنیا نیوز میڈیا گروپ کے دفاتر کے دورے کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے ،معزز مہمان کو مختلف شعبہ جات میں بریفنگ دی گئی،ایرانی قونصل جنرل نے دنیا نیوز کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔ ایران کے قونصل جنرل مہران مواحد کا دنیا نیوز کے دفاتر آمد پر دنیا میڈیا گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر نوید کاشف نے استقبال کیا۔ قونصل جنرل نے پاک، ایران تجارتی، ثقافتی اور عوامی روابط کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی ، دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کے حالیہ دورہ پاکستان کے تناظر میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ایران کے قونصل جنرل نے پاکستان ، ایران تاریخی برادرانہ تعلقات کاذکر کرتے ہوئے کہا دونوں ہمسایہ ممالک کے عوام ایک خاندان کی طرح ہیں ، دونو ں ممالک کو ترقی اور خوشحالی کے لئے ایک دوسرے کی مدد کرنی اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہئے ۔مہران مواحد نے غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا طویل جنگ میں بے گناہ فلسطینیوں کو بڑی تعداد میں قتل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے فلسطینی عوام کی حمایت پرپاکستانی میڈیا اور قوم کے جذبے کو سراہا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں