پنک گیمز 2024کا باقاعدہ افتتاح،وزیراعلیٰ پنجاب نے انعامی رقم 1کروڑ روپے کردی

پنک گیمز 2024کا باقاعدہ افتتاح،وزیراعلیٰ پنجاب نے انعامی رقم 1کروڑ روپے کردی

لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے ،مانیٹرنگ ڈیسک، دنیا نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پہلی چیف منسٹر پنک گیمز 2024کا باقاعدہ افتتاح کردیا،وزیراعلیٰ نے پلیئرز کیلئے ‘‘آل دی بیسٹ’’کہتے ہوئے پنک گیمز کا آغاز کیا ،گیمز کی افتتاحی تقریب میں 16یونیورسٹیوں کی خواتین کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنک گیمز کی انعامی رقم میں سو فیصد اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پلیئرز کو 50لاکھ کی بجائے 1کروڑ روپے دیا جائے ۔ مریم نواز نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے پنجاب سے کھیلوں میں حصہ لینے کیلئے 1300بچیاں آئی ہیں،یہ بہت بڑی تبدیلی ہے ،بیٹی اللہ کی رحمت ہوتی ہے ، والدین کو شاباش دیتی ہوں انہوں نے بچیوں پر اعتماد کیا اور انہیں کھیلوں میں حصہ لینے کیلئے بھیجا ۔وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ بیٹا چیف منسٹرپنجاب بن سکتا ہے تو بیٹی کیوں نہیں بن سکتی، میرا وزیراعلیٰ بن جانا میری فتح نہیں بلکہ آپ سب خواتین کی فتح ہے ،آپ وزیراعلیٰ ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ میری والدہ دنیا میں نہیں ہیں،کہیں سے دیکھ رہی ہوں گی اور خوش ہورہی ہوں گی،اپنے والدین کا شکریہ ادا کرتی ہوں،آج میں جہاں ہوں آپ کی بدولت ہوں۔ وزیراعلیٰ بن کر وعدہ کیا تھا پنجاب کی ہربیٹی کی کامیابی کے لئے راہ ہموار کروں گی۔ مریم نواز نے کہاکہ بیٹیوں کی حفاظت کرنے کیلئے ورچوئل پولیس سٹیشن،پنک بٹن اور 15ہیلپ لائن کا آغاز کیا ہے ،آپ سب کو دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ پنجاب کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے ، دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے گزشتہ روز ملاقات کی۔

اس موقع پر مریم نواز نے گفتگو میں کہا کہ امریکا اور پاکستان کے اقتصادی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں،پنجاب میں سرمایہ کاری کا پوٹینشل موجود ہے ،پنجاب میں امریکی سرمایہ کاری کیلئے محفوظ ماحول فراہم کرینگے ، ایگریکلچر، انڈسٹری اور آئی ٹی کے شعبہ میں امریکا کے اشتراک کار کا خیر مقدم کرینگے ، پاکستان کو معاشی بحران سے ایک مستحکم حکومت ہی نکال سکتی ہے ، عوام کو معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات اور سستی روٹی فراہم کرنے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی ہے ،حکومتی معاشی پالیسیوں سے مہنگائی میں کمی آ رہی ہے ۔ اس موقع پر ڈونلڈ بلوم نے مریم نواز کو پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دی اورکہا کہ امریکا غربت کے خاتمے اور اقتصادی ترقی کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ مزید کام کرنا چاہتا ہے ۔ادھر مریم نواز کی زیر صدارت پولیو اورسائٹ بورڈکے منعقدہ اجلاس کے دوران پنجاب میں پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے مشترکہ موثر کاوشوں پر اتفاق کیاگیا۔اجلاس کے دوران پولیو کے خلاف مہم کو مزید موثر بنانے کے لئے اقدامات،پنجاب کو مکمل طورپر پولیو فری بنانے کے لئے تجاویز اور سفارشات کاجائزہ لیاگیا۔پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے ڈبلیو ایچ او اور دیگر اداروں کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ، انہوں نے کہا پنجاب کو پولیوفری بنانے کیلئے ویکسی نیشن کی مانیٹرنگ کررہی ہوں،اکتوبر2023سے اب تک پنجاب میں پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ دور دراز دیہات کے عوام کیلئے فیلڈ ہسپتال اور گنجان اربن ایریا کیلئے 200کلینک آن ویل پراجیکٹ شروع کئے گئے ہیں،مہم کے دوران پولیو ورکرز کی سیفٹی او رسکیورٹی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے ۔

نمائندہ ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ پنجاب میں پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے مثبت رسپانس کی توقع ہے ،پولیو سے بچاؤ کی ویکسی نیشن مہم کی کامیابی کے لئے مریم نواز کے اقدامات اوروزیراعظم شہبازشریف کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ستھرا پنجاب ایکسپو کا افتتاح کرتے ہوئے ہر ضلع میں ویسٹ مینجمنٹ سسٹم لانے کا اعلان کر دیا ۔وزیراعلیٰ نے ایل ڈبلیو ایم سی کے ستھرا پنجاب ایکسپو روڈ شو کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی زندگی میں انقلابی تبدیلی لائیں گے ، 36اضلاع میں جو نظام لا رہے ہیں اسے لوکل بزنس کو بھی فائدہ ہوگا،ایک لاکھ نوکریاں صاف ستھرا پنجاب سے آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ صفائی شروع کی تو پتہ چلا واقعی صفائی کا کوئی نظام موجود نہیں،ثاقب نثار نے پنجاب میں ایسا فل سٹاپ لگایا کہ کوئی نظام نہیں رہا،اب تمام شہروں اور گا ؤ ں کی صفائی ہوگی،پاکستان کا جو بھی منصوبہ اٹھا لیں اس پر نوازشریف کی مہر ہے ،اگر نوازشریف و شہبازشریف کے منصوبے نکال دو تو کھنڈرات رہ جائیں گے ۔لاہور میں جابجا پڑے ہوئے کوڑے کے ڈھیر دن بدن بڑھ رہے تھے ،لاہور سمیت ہر شہر میں ویسٹ مینجمنٹ سسٹم لارہے ہیں،چار ماہ میں ہر گھر کی دہلیز سے کوڑا اٹھانے اورصفائی کا بہترین نظام نافذ کرنا چاہتے ہیں،لاہور کو بہترین بنائیں گے اوردیگر36اضلاع کو چمکائیں گے ۔ صوبے میں پانچ لینڈ فل سائٹس بنائی جائیگی۔مریم نواز نے اپنے والد نواز شریف کے ہمراہ حافظ آباد کے نواحی علاقہ کولوتارڑ جا کر ممبر قومی اسمبلی سائرہ افضل تارڑ سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور ان کے والد و سابق رکن قومی اسمبلی افضل حسین تارڑ کی وفات پر اظہار تعزیت کے ساتھ دعائے مغفرت و فاتحہ خوانی کی۔ سائرہ افضل اور اہلخانہ کو دلاسہ دیا جبکہ نواز شریف نے سائرہ افضل کے سر پر ہاتھ رکھ کر دلاسہ دیا اور کہا کہ افضل تارڑ میرے دیرینہ دوست اور سرگرم پارٹی رکن تھے ،مرحوم ہمیشہ دلوں میں رہیں گے ، ان کی وفات پر پوری پارٹی رنجیدہ ہے ۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے بھی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آمریت کا دور ہو یا جمہوری دورِ اقتدار افضل تارڑ ہمیشہ وفادار ساتھی کی طرح پارٹی کیساتھ ڈٹے رہے ، ان کی سیاسی اور پارٹی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں