پیپلز پارٹی نے وفاقی کابینہ میں شمولیت کا فیصلہ نہیں کیا:کنڈی

 پیپلز پارٹی نے وفاقی کابینہ میں شمولیت کا فیصلہ نہیں کیا:کنڈی

پشاور،اسلام آباد (صباح نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی )پختونخوا کے نئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے وفاقی کابینہ کا حصہ بننے کا فیصلہ نہیں کیا۔

یہ فیصلہ پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے فورم پرکیا جاتا ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت کا حصہ بننے جا رہی ہے یا نہیں میں اس کی تصدیق یا تردید نہیں کرسکتا، حکومت میں شمولیت کی تجویز پر سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی)فیصلہ کرے گی۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو اور ایک انٹرویومیں فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ صوبے میں قیام امن کے معاملات پر سراج الحق، آفتاب شیر پاؤ سمیت مختلف سیاسی شخصیات سے رابطہ کرکے اعتماد میں لیا ہے ، وفاق سے جڑے صوبے کے مسائل افہام و تفہیم سے حل کریں گے ، پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کی باتیں کرکے فوج کو جان بوجھ کر سیاست میں دھکیل رہی ہے ، مسائل کے حل کیلئے وزیراعلیٰ ہاؤس سمیت کہیں بھی جاسکتاہوں، مولانا فضل الرحمن سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کریں گے ۔ دریں اثنا ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے فیصلہ کیا تھا کہ ہم حکومت میں شامل نہیں ہوں گے ، اگر کابینہ میں شامل ہونے کی کوئی تجویز ہے تو اس پر پارٹی بحث کرے گی اس کے بعد ہی کچھ کہا جا سکے گا، لیکن بی آئی ایس پی کی سربراہی پیپلز پارٹی کو ملے گی یہ تو طے ہے ۔رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ اس وقت کسان چیخ ر ہے ہیں، ہماری جماعت کسانوں کے ساتھ ہے ، ہمارا مطالبہ ہے کہ کسان کو اس کی سپورٹ پرائس دی جائے ،گندم درآمدسے متعلق وزیراعظم کا تنہا نہیں بلکہ پوری کابینہ کا فیصلہ ہوتا ہے ، مطالبہ ہے گندم بحران سے متعلق فوری تحقیقات ہونی چاہئیں ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں