حکومت کاروباری طبقے کیلئے آسانیاں پیدا کر رہی:علیم خان

حکومت کاروباری طبقے کیلئے آسانیاں پیدا کر رہی:علیم خان

لاہور (سیاسی رپورٹرسے )وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری و مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری طبقے کے لئے آسانیاں پیدا کر رہی ہے جس کے تحت "ایز آف ڈوئنگ بزنس"اور "ون سٹاپ شاپ"جیسے تیز تر منصوبوں پر کام جاری ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام 16ویں آل پاکستان چیمبر ز صدور کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے  ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بزنس اور تجارت کو فروغ ملے گا تو ملک میں خوشحالی آئے گی۔ وفاقی وزیر نے ملک میں بزنس کے فروغ میں چیمبر آف کامرس کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کے لئے اس فورم کو مثبت کردار ادا کرتے رہنا چاہیے ۔راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ثاقب رفیق نے کہا کہ سرمایہ کاری کونسل معاشی بہتری اور کاروباری طبقے کے اعتماد کی بحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا کہ اس وقت معاشی چیلنج سب سے بڑا مسئلہ ہے جس کے لئے مقامی اور بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔دو روزہ کانفرنس میں چاروں صوبوں کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیمبرز کے صدور اور ویمن چیمبرز کی صدور نے شرکت کی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں