ترک وزیر خارجہ کی شہباز ، ڈار سے ملاقاتیں: پاکستان، ترکیہ کا دو طرفہ تجارت 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا عزم

ترک وزیر خارجہ کی شہباز ، ڈار سے ملاقاتیں: پاکستان، ترکیہ کا دو طرفہ تجارت 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا عزم

اسلام آباد(نامہ نگار،اپنے رپورٹر سے،نیوز ایجنسیاں)ترک وزیر خارجہ حاقان فدان نے وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم اسحق ڈار سے ملاقاتیں کیں جن میں دو طرفہ تجارت 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا اعادہ کیا گیا،دونوں ممالک میں دفاع سمیت دیگر شعبوں میں بھی تعاون جاری رہے گا، ملاقات کے دوران وزیرِاعظم نے دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات کے فروغ پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیرِ اعظم نے دونوں ممالک کے مختلف شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور دفاعی شعبے میں پاکستان کی جانب سے باہمی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیرِاعظم نے آئندہ تین برس میں دونوں ممالک کے مابین تجارت کے حجم کو 5 ارب ڈالر سالانہ کی سطح پر لانے کیلئے کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔وزیرِ اعظم نے اس موقع پر ترک کمپنیوں کو پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کو وسعت دینے کی دعوت دی۔ وزیرِ اعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی مشرق وسطی میں پائیدار امن کے قیام کیلئے غزہ میں مکمل جنگ بندی کی حمایت کی بھی تعریف کی۔وزیرِ اعظم نے مشرقِ وسطیٰ میں مستقل امن کیلئے دو ریاستی حل کی کلیدی اہمیت پر زور دیا۔وزیرِ اعظم نے ترک صدر کو پاکستان کا جلد دورہ کرنے کی دعوت دی۔ وزیراعظم نے ترک صدر کو ہائی لیول سٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے 7 ویں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی دعوت کا پیغام بھی دیا۔ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے قومی دلچسپی کے امور پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت کے عزم کا اظہار کیا۔

علاوہ ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فدان کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات ہیں، ترکیہ کے وزیر خارجہ کے دورے پر دلی خوشی ہے ، پاکستان اور ترکیہ دو ملک اور ایک قوم ہیں، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دو طرفہ اور سٹریٹجک تعلقات ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان اسلاموفوبیا کے خاتمے کے لیے کوشاں ہے ، ترکیہ اور پاکستان تجارت کی ساخت کو 5 ارب ڈالر تک لے کر جائیں گے ، پاکستان اور ترکیہ دفاعی تعاون کو جاری رکھیں گے ، دونوں ملکوں میں تجارت اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون موجود ہے جبکہ ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فدان نے کہا کہ ہم ریجنل اور گلوبل معاملات میں پاکستان کو سپورٹ کریں گے ، افغانستان میں قیام امن ہمارے لیے انتہائی ضروری ہے ، ، ترکیہ اور پاکستان کی غزہ میں جنگی جرائم کے حوالے سے مشترکہ پوزیشن ہے ، اسرائیل کی سیاسی اور ملٹری سپورٹ بند کردی جائے تو یہ کارروائی نہیں کر سکے گا، ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ترکیہ کے وزیر خارجہ نے بتایا کہ ایرانی صدر اور وزیر خارجہ کے انتقال سے ہمیں شدید دکھ ہوا، ہم دکھ کی اس گھڑی میں ایرانی عوام کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں، حاقان فدان کا کہنا تھا کہ ہم نے دو طرفہ تجارت 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا، ہم نے واضح کیا کہ ہم ریجنل اور گلوبل معاملات میں پاکستان کو سپورٹ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن ہمارے لیے انتہائی ضروری ہے ، غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں، ترکیہ اور پاکستان کی غزہ میں جنگی جرائم کے حوالے سے مشترکہ پوزیشن ہے ، ہم تمام سفارتی مواصلات کو بروئے کار لاکر اس معاملے کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے ، ہم نے ہمیشہ کہا ہے کہ اسرائیل کی سیاسی اور ملٹری سپورٹ بند کردی جائے تو یہ کارروائی نہیں کر سکے گا، ہم ان کی مذمت کرتے ہیں جو اس جرم میں شامل ہیں جبکہ دوسروں کو انسانی حقوق پر لیکچر دیتے ہیں۔

حاقان فدان کا کہنا تھا کہ ہمیں دو ریاستی حل کی طرف جانا چاہیے اور ماضی کی غلطیوں سے سیکھنا چاہیے ، جنہوں نے ابھی تک فلسطین کو تسلیم نہیں کیا ان کو فلسطین کو انصاف کے نام پر تسلیم کر لینا چاہیے ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کا میرا یہ پہلا دورہ ہے ، پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے ۔ ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ قبل ازیں اسحاق ڈار نے ترکیہ کے وزیر خارجہ کا دفتر خارجہ آمد پر استقبال کیا۔ دونوں رہنمائوں میں وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی ،ا س موقع پر دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے کے عزم کا اظہارکیا ۔علاوہ ازیں ترک وزیر خارجہ نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے بھی ملاقات کی جسمیں دوطرفہ تعلقات،باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی اور علاقائی ا مور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں