اسلام آباد:ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن حملے میں زخمی،خواجہ سراؤں نے بلیڈمارا:پولیس

اسلام آباد:ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن حملے میں زخمی،خواجہ سراؤں نے بلیڈمارا:پولیس

اسلام آباد ( خصوصی رپورٹر ، دنیا نیوز، نیوز ایجنسیاں) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن کو اسلام آباد میں حملہ کر کے زخمی کر دیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ خواجہ سراؤں نے بلیڈ مارا جس سے ان کا چہرہ زخمی ہو گیا اور ان کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے ۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون میں واقع ٹی وی چینل کے دفتر میں پروگرام ریکارڈ کرانے کے بعد واپس جارہے تھے کہ دفتر کے باہر شدیدتشدد کا نشانہ بنایا گیا ۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور کالے رنگ کی ٹیکسی میں بیٹھ کر فرار ہو گئے ۔ ترجمان اسلام آباد پولیس نے بیان میں بتایا عینی شاہدین کے مطابق رئوف حسن کو خواجہ سرائوں نے چہرے پر بلیڈ مارا، پولیس موقع پر موجود ہے اور شواہد جمع کیے جارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جن خواجہ سرائوں نے یہ کام کیا ہے ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔پی ٹی آئی نے بیان میں حملے کو شرمناک اور قابل مذمت قرار دیا، اس نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں رؤ ف حسن کے چہرے پرخون رستے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف رئوف حسن کو طبی سہولت دے دی گئی۔رئوف حسن کے گہرے کٹ پر ٹانکے لگائے گئے ۔رئوف حسن کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔ پولیس نے تحقیقات کے لئے دو الگ الگ ٹیمیں تشکیل دے دیں ۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات کے لئے رئوف حسن کا ابتدائی بیان بھی ریکارڈ کر لیا ۔ایس ایس پی آپریشن اور ایس ایس پی انوسٹگیشن کی سربراہی میں تفتیشی ٹیموں نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ۔سیف سٹی کیمروں اور مارکیٹ کیمروں سمیت واقعے کی تمام فوٹیجز پولیس تفتیشی ٹیموں نے حاصل کر لیں ۔ ایس ایس پی انوسٹی گیشن حسن جہانگیر کے مطابق رئوف حسن پر حملے کی تمام فوٹیجز فرانزک کے لئے بھیجی جائیں گی۔رئوف حسن کے ریکارڈ کردہ بیان پر ہی واقعے کا مقدمہ بھی درج کیا جائے گا ۔

رئوف حسن کو خواجہ سرائوں نے دوروز قبل بھی گھیرا تھا سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی ۔رئوف حسن ایک اور ٹی وی کے پروگرام کی ریکارڈنگ کیلئے آئے تھے ۔تین خواجہ سراؤں نے رئوف حسن کو پروگرام کی ریکارڈنگ کے بعد آئے تو گھیرے میں لے لیا جس کا منظر سی سی ٹی وی کیمرہ میں محفوظ کر لیا گیا۔ حملے کے بعد رئوف حسن کا بیان ریکارڈ کر لیا گیا ۔میرے اوپر تیز دھار آلے سے حملہ کیا گیا، میری کسی سے کوئی ذاتی رنجش نہیں، مجھ پر حملہ کرنے والے ملزموں کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے ۔بانی چیئرمین تحریک انصاف نے حملے کی پرزور مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ پوری قوم جانتی ہے کہ ہماری قیادت پر ان حملوں کی منصوبہ بندی کون کر رہا ہے ، پی ٹی آئی ایسے گھناؤنے اور پرتشدد ہتھکنڈوں سے مجرموں کو قوم کے سامنے بے نقاب کرنے کے مقصد سے ہر گز پیچھے نہیں ہٹے گی۔سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اور پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے رئو ف حسن پر حملے کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ رئوف حسن پر حملہ کرکے انہیں زخمی کیا گیا ، یہ واقعہ سنجیدہ معاملہ ہے بات یہاں تک آگئی ہے کہ سب سے بڑی جماعت کے ترجمان پر حملہ کیا گیا ۔رئوف حسن پر حملے کے خلاف اپوزیشن ارکان نے سینیٹ سے واک آئوٹ کردیا۔وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ واقعے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی، رئو ف حسن پر حملے کے معاملے پر وزیرداخلہ سے رابطہ کروں گا۔سینیٹر فیصل واوڈا نے بھی سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب آئین وقانون کی بالادستی پر ایک ہیں، رئو ف حسن پر حملہ کی مذمت کرتا ہوں۔ شیری رحمن نے کہا کہ اگر سینیٹ نے واقعے کی مذمت کی تو اچھی بات ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں