امارات اور سعودی عرب کی انویسٹمنٹ ایس آئی ایف سی کے ذریعے ہوگی ہماری طرف سے ابھی کام ہونا ہے:سرمایہ کاری، سستی کی گنجائش نہیں:شہباز شریف

امارات اور سعودی عرب کی انویسٹمنٹ ایس آئی ایف سی کے ذریعے ہوگی ہماری طرف سے ابھی کام ہونا ہے:سرمایہ کاری، سستی کی گنجائش نہیں:شہباز شریف

اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا امارات اور سعودی عرب کی انویسٹمنٹ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے ذریعے ہو گی۔

ہماری طرف سے ابھی کام ہونا ہے ،سستی کی گنجائش نہیں، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں آج ایس آئی ایف سی کلیدی کردار ادا کررہی ہے ،سول و فوجی افسران مل کر دن رات محنت کررہے ہیں،کونسل کی کامیابیوں سے ناقدین کے منہ بند ہوگئے ، ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، صوبائی وزرائے اعلیٰ اور کونسل کے ممبران نے بھی شرکت کی۔ قبل ازیں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے وزیر اعظم ہائوس میں وزیر اعظم میاں شہباز شریف سے ملاقات کی ، ایس آئی ایف سی کے اجلاس سے قبل اس ملاقات میں اہم قومی اور دفاعی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر اعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کونسل کے اجلاس میں ہم نے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔

سرمایہ کاری سہولت کونسل میں سول و فوجی افسران مل کر ایک متحدہ ٹیم کی طرح شبانہ روز محنت کررہے ہیں،حالیہ دنوں میں سعودی عرب،متحدہ عرب امارات کے دورے سمیت دیگر ممالک کے وفود سے ملاقاتیں ہوئیں جس میں خوشی ہوئی کہ اس سرمایہ کاری سہولت کونسل کے حوالے سے اعتماد اور یقین کا اظہار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کا وجود 2022 میں عمل میں لایا گیا تو اس وقت اس حوالے سے خدشات ظاہر کئے جارہے تھے تاہم وقت کے ساتھ ساتھ اس کی افادیت،کارکردگی اور کامیابیوں نے ناقدین کے منہ بند کر دیئے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے اس کونسل کی تشکیل کی مکمل تائید کی تھی، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں آج ایس آئی ایف سی کلیدی کردار ادا کررہی ہے ۔صوبائی قیادتوں کے مشکور ہیں کہ سب اس کونسل پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں۔امارات اور سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے سرمایہ کاری کے اعلانات پر عملدرآمد اس کونسل کے ذریعے ہوگا۔ نہ صرف برادر ممالک بلکہ دیگر ممالک بھی اس کونسل کو اہمیت دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے ،محنت سے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں گے ۔

پاکستان میں پروفیشنل ازم،ماہرین اور اعلیٰ معیار کے آئوٹ پٹ کا بہت فقدان ہے ۔ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کی جارہی ہے ،یہ کام ایک ادارہ کرکے دے رہا ہے ۔سعودی عرب نے ہر طرح کی مدد اور سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک بہادر اور جری قوم تمام مشکلات کے باوجود ایٹمی قوت بن گئی۔ہم نے مل کر وہ کام کیا جو کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا، زرعی پیداوار بڑھانا،برآمدات میں اضافہ،نوجوانوں کو آئی ٹی ماہر بنانا،صنعتوں کا کام،معدنیات کا فروغ کوئی مشکل نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ملک ہے ۔ماضی میں اس سے فائدہ اٹھانے کی بجائے ہم نے جرمانے بھرے ،تاوان ادا کئے لیکن قوم کو ان وسائل سے مستفید نہیں کرایا جاسکا اور اب ریکوڈک سے فائدہ اٹھایا جارہا ہے اس میں سرمایہ کاری سہولت کونسل،فوج،بلوچستان حکومت کی کاوشیں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران ہم نے کشکول توڑنے کی بات کی تو متحدہ عرب امارات نے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا،اب ہماری طرف سے اس حوالے سے یکسوئی سے کام ہونا ہے ۔دلجمعی سے یہ کام کرنے والے ہمارے سروں کا تاج ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ اب سستی اور کاہلی کی گنجائش نہیں اور جو سستی دکھائے گا وہ ہماری ٹیم کا حصہ نہیں رہے گا۔ ہم نے پاکستان کو خوشحال اور فعال ملک بنانا ہے ۔مل کر شبانہ روز محنت کرنی ہے ۔

وقت آئے گا کہ پاکستان دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرے گاجہاں ترقی اور روزگار ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ایٹمی ملک کو خوشحال بھی بنانا ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ صوبوں کو وسائل مہیا کرکے ہمارے پاس کچھ نہیں بچتا سب نے مل کر محنت کرنی ہے ۔یہ کٹھن سفر ہے لیکن ہم نے ترقی اور خوشحالی کی منزل حاصل کرنی ہے ۔وفاقی وزیراطلاعات عطااللہ تارڑنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ایس آئی ایف سی کا اجلاس بڑے اچھے ماحول میں ہوا، اتحاد کا پیغام گیا ،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے بھی تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ،ایس آئی ایف سی کے اندر سرمایہ کاری اور تجارت کو فروغ دینے کے لئے چھ ڈیسک بنائے جائیں گے ،آنے والے دنوں میں مہنگائی میں کمی آئے گی۔دریں اثنا وزیراعظم کی زیر صدارت انسداد سمگلنگ کے حوالے سے سول آرمڈ فورسز کی کارکردگی سے متعلق اہم اجلاس ہوا،وزیراعظم نے کہا ملکی تاریخ میں پہلی بار سمگلنگ میں خاطر خواہ کمی دیکھنے میں آئی ہے ،آپ کی کوششوں سے ملکی خزانے کو اربوں روپے کا فائدہ ہو رہا ہے ،سمگلنگ کے خلاف جنگ میں سول آرمڈ فورسز کو حکومت کی بھرپور حمایت حاصل رہے گی۔اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے خصوصی شرکت کی ۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں فلسطینی عوام کی جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی عدالت انصاف کا غزہ اور رفح پر اسرائیلی جارحیت روکنے کا فیصلہ قابل ستائش ہے ،امید ہے کہ عالمی برادری اسی طرح کشمیر کے محکوم عوام پر بھی توجہ دے گی جو سات دہائیوں سے بھارتی ظلم وستم کا سامنا کررہے ہیں اور انہیں ان کی بنیادی حق سے مسلسل محروم رکھا جارہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں