بجلی چوری، بقایا جات: وفاق اور وزیراعلیٰ گنڈا پور کا ملکر کام کرنے پر اتفاق

بجلی چوری، بقایا جات: وفاق اور وزیراعلیٰ گنڈا پور کا ملکر کام کرنے پر اتفاق

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، دنیا نیوز)وفاقی حکومت اور خیبرپختونخوا کے مابین صوبے میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے، بجلی واجبات کی وصولی اور لائن لاسز میں کمی کے حوالے سے طویل گفت و شنید کے بعد وفاق اور وزیراعلیٰ گنڈاپورکا ملکر کام کرنے پر اتفاق ہوگیا، جلد باقاعدہ معاہدہ کیا جائے گا۔

خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ وفاق اور صوبے ملکر کام کریں  گے، ملکر ہم نے معاملات طے کئے ہیں، ہم نے ایسا راستہ نکالا ہے عوام کو ریلیف ملے گا اور نقصانات میں بھی کمی آئے گی، ہم نے باہمی مشاورت سے معاملات طے کئے ہیں۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ اویس لغاری سے وزیر توانائی کی حیثیت سے بات ہوئی ہے، بات چیت کا ہماری پارٹی معاملات سے کوئی تعلق نہیں، بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ کہا اداروں کو مضبوط ہونا چاہئے۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہماری کسی ادارے سے جنگ ہے نہ سسٹم سے جنگ ہے ، سیاسی تحریک اور انتظامیہ کے معاملات کو مکس نہ کیا جائے، لوڈشیڈنگ میں خیبرپختونخوا کو ریلیف ملنا چاہئے، لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے جو لائحہ عمل بنایا ہے اس میں صوبے کے عوام کا تعاون چاہئے۔ لوڈشیڈنگ کے مسئلے کا ایسا راستہ نکالا ہے جس سے عوام کو ریلیف ملے گا،وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ ہمارا صوبہ پورے ملک کو بجلی پیدا کرکے دے رہا ہے، لائن لاسز کنٹرول کرنے، وجوہات پر ملکر کام کریں گے، الیکشن سے متعلق ہمارے کیسزعدالتوں میں چل رہے ہیں، گورنرخیبرپختونخوا سے میرا کوئی اختلاف نہیں، لوڈشیڈنگ عوام کا بڑا مسئلہ ہے۔

وزیراعلیٰ کے پی نے کہا ہے کہ معاملات حل ہونے میں وقت لگے گا تب تک عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ ہم عوام کو سولر سسٹم کی طرف لے جائیں گے میں وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں جس طرح بیٹھ کر ہم نے معاملات کو حل کیا اور انہوں نے ہماری صوبے کے عوام کے مسائل کا ادراک کیا ہمارا مقصد صوبہ خیبرپختونخوا کو لوڈشیڈنگ فری کرنا ہے ۔اویس لغاری نے کہا کہ آج ملک کے لئے بہت خوش آئند دن ہے ، سیاست دانوں پر تنقید کرنے والے آج شرمندہ ضرور ہوں گے۔محسن نقوی کا شکر گزار ہوں، ہم نے مشکلات کا حل نکالا ہے ، آج ہم نے بیٹھ کر ایک ماڈل بنایا ہے، دوسرے صوبوں سے بھی شیئر کریں گے ۔اویس لغاری نے مزید کہا کہ آج منگل کو معاملے پر حکمت عملی بنالی جائے گی، آج تحریک انصاف نے بہت بڑا قدم اٹھایا ہے ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ مثبت بات چیت ہوئی، خیبرپختونخوا میں ایک بڑا بحران تھا جو حل ہوا اسے سراہنا چاہئے، ان کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمن سے میرا 25 سال پرانا تعلق ہے ، فضل الرحمن کو حکومت سے کوئی ایشو ہوگا مجھ سے نہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور اویس لغاری پہلے بھی ملے تھے یہ تاثر دیا گیا تھا کہ شاید کوئی بڑا کرائسز ہے بڑا بریک تھرو ہوا ہے دونوں کا مقصد عوام کو ریلیف دینا تھا۔ذرائع سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آئی ہے ۔ ملاقات میں وزیراعلی خیبرپختونخوا نے کے پی کے میں بجلی کی اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا شکوہ کیا۔ اس پر اویس لغاری نے کہا کہ کے پی کے میں اربوں روپے کی بجلی چوری ہوتی ہے آپ بجلی چوری روکیں ہم 24 گھنٹے بجلی دینے کے لیے تیار ہیں۔ قبل ازیں وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور وزارت داخلہ پہنچے جہاں انھوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی، وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری بھی ملاقات میں شریک، ہوئے موقع پر صوبہ خیبر پختونخوا میں بجلی کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں