گندم خریداری میں گھپلے ہوتے تھے ،کسان کو براہ راست سبسڈی دینگے:مریم نواز

گندم خریداری میں گھپلے ہوتے تھے ،کسان کو براہ راست سبسڈی دینگے:مریم نواز

لاہور (سیاسی رپورٹرسے )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے گندم خریداری میں گھپلے ہوتے تھے ،اب کسان کوڈائریکٹ سبسڈی دیں گے ۔وزیر اعلیٰ سے مختلف اضلاع کے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔

ارکان اسمبلی نے روٹی اور دیگر اشیا خوردونوش کے نر خ میں کمی پر وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا۔ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ارکا ن اسمبلی کو عام آدمی سے قریبی رابطہ  رکھنے کی ہدایت کی اور کہا اشیا خوردونوش کے نرخ مزید نیچے آئیں گے ۔ پرائس کنٹرول اور دیگر امور کیلئے الگ سسٹم بنا رہے ہیں۔ن لیگ کی حکومت آتی ہے تو نرخ نیچے گرتے ہیں۔کچھ لوگ کہتے تھے ہم آلو پیاز کیلئے حکومت میں نہیں آئے ۔پنجاب کے کاشتکاروں کیلئے بہت بڑا کسان کارڈ پراجیکٹ لارہے ہیں۔ انہو ں نے کہا وفاقی حکومت کو زرعی مشینری اورٹریکٹر وغیرہ پر امپورٹ ڈیوٹی کم کرنے کی تجویز پیش کی ہے ۔ دو سے چار مرلے کے پلاٹ پر گھر بنانے کیلئے قرضے کی تجویز زیر غور ہے ۔بے گھر لوگوں کو گھر بنا کر دیں گے ،دیہات میں پلاٹ دینے کا جائزہ لے رہے ہیں۔شہروں میں ہائبرڈبسیں لارہے ہیں ، نوجوانوں کو موٹر سائیکلیں دیں گے ۔ انہوں نے کہا نوازشریف آئی ٹی سٹی کیلئے چین سمیت دیگر ممالک رابطے کررہے ہیں۔ملاقات کرنے والوں میں حنا پرویز بٹ، مرغوب احمد، کاشف پڈھیار،محمد حسن ریاض، نعیم صفدر انصاری، غزالی سلیم بٹ، زاہد اکرم، طارق سبحانی، محمد سلمان نعیم،قاسم ندیم، سابق ایم پی اے چوہدری شہباز اور بلال ذوالفقا ر علی کھوکھر شامل تھے ۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبے بھر کی کھاد کی ضرورت اوردستیابی کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا اورکسان کارڈ پروگرام میں رجسٹریشن کے لئے سپیشل ہیلپ لائن قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں کاشتکاروں کوکھاد کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے فول پروف طریقہ کار اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور پلانٹ سے ڈیلر تک کھاد کی فراہمی کی ڈیجیٹل سپلائی مانیٹرنگ موثر بنانے کی ہدایت کی گئی۔مریم نواز نے ذخیرہ اندوزی اور غیر قانونی نقل و حمل روکنے کے لئے سخت اور موثر اقدامات یقینی بنانے کا حکم دیا ۔ اجلاس میں پیسٹی سائیڈ اور فرٹیلائزر ایکٹ میں ترامیم کی سفارشات پر غورکیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا پنجاب کے کاشتکار کو کھاد کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائیں گے ۔ کھاد کی ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ روکنے میں کوتاہی بالکل برداشت نہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں