عدت نکاح کیس :سزا معطلی کی درخواست پر کل سماعت

 عدت نکاح کیس :سزا معطلی کی درخواست پر کل سماعت

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے عدت میں نکاح کیس میں عمران خان اور بشری ٰبی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں سے متعلق درخواستوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرتے ہوئے درخواستیں یکجا کر کے بشری بی بی کی سزا معطلی کی درخواست پر 13 جون کے لئے نوٹس جاری کر دیئے جبکہ بانی پی ٹی آئی کی کیس واپس سیشن جج شاہ رخ ارجمند کو بھیجنے یا ہائیکورٹ کے خود فیصلہ کرنے کی درخواست پر خاور مانیکا کو نوٹس جاری کر کے 13 جون کو جواب طلب کر لیا ۔

 بشریٰ بی بی نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ سیشن کورٹ میں زیر التوا سزا معطلی کی درخواست پر ہائیکورٹ فیصلہ کرے ، بانی پی ٹی آئی کی درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ کیس واپس بھیج کر سیشن جج شاہ رخ ارجمند کو محفوظ فیصلہ سنانے کا حکم دیا جائے ، فاضل جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا 29 مئی کو شکایت کنندہ نے تحریری طور پر جج پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ؟ وکیل نے کہا کہ 29 مئی کو تحریری درخواست نہیں دی لیکن اس سے پہلے عدم اعتماد کی درخواست دی جو مسترد ہو گئی تھی ، فاضل جسٹس نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ کیس سے الگ ہونے کی وجہ درست نہ ہو۔عدت میں نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں میں شکایت کنندہ خاور مانیکا نے قانونی ٹیم تبدیل کر دی ۔ خاور مانیکا نے عدالت سے کہا کہ رضوان عباسی قابل وکیل ہیں مگر انکی مصروفیات زیادہ ہیں اس لئے وہ نئی قانونی ٹیم کی خدمات حاصل کریں گے ۔ عدالت نے سردار مصروف ایڈووکیٹ کی استدعا پر کیس کی سماعت 13 جون تک ملتوی کر دی ۔ احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت 14 جون تک ملتوی کر دی ۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلانے احتساب عدالت کے نئے جج کی تعیناتی پر اعتراضات واپس لے لئے ۔ تحریک انصاف علی محمد خان نے اڈیالہ جیل میں 190 ملین پائونڈ کیس کی سماعت سننے کے لئے درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے علی محمد خان اور دیگر چار افراد کو جیل میں سماعت سننے کی مشروط اجازت دے دی ۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے توشہ خانہ جعلی رسیدوں کے کیس ، احتجاج اور توڑ پھوڑ سمیت دیگر دفعات کے تحت درج مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی 6 جبکہ بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں درخواست ضمانت پر وکیل کی اڈیالہ جیل میں مصروفیات پربغیر کارروائی سماعت ملتوی کر دی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں