جسٹس شجاعت کو قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مقرر کرنیکا فیصلہ
لاہور(محمد اشفاق سے )وفاقی حکومت نے جسٹس شجاعت علی خان کو قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا، مستقل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی تقرری کیلئے جولائی کے پہلے ہفتے میں جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں فیصلہ ہوگا ۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد خان اور جسٹس شاہد بلال حسن کی سپریم کورٹ میں نامزدگی کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں فوری مستقل چیف جسٹس کی تقرری کا فیصلہ نہ ہوسکا، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد خان کی سپریم کورٹ میں نامزدگی کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی خالی اسامی پر کرنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس شجاعت علی خان کو قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مقرر کردیا جائے گا۔آئین کے آرٹیکل 196 کے تحت وفاقی حکومت قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی ۔ لاہور ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی تقرری کیلئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس جولائی کے پہلے ہفتے میں بلائے جانے کا امکان ہے ۔