پنجاب کو جعلی ادویات سے پاک کرنے کے پروگرام کی منظوری :خدا کا خوف،نیتوں کو ٹھیک کرنا پڑیگا:مریم نواز

پنجاب کو جعلی ادویات سے پاک کرنے کے پروگرام کی منظوری :خدا کا خوف،نیتوں کو ٹھیک کرنا پڑیگا:مریم نواز

لاہور(سٹاف رپورٹر،اے پی پی )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پنجاب کو جعلی، غیرمعیاری اور ناقص ادویات سے پاک کرنے کے پروگرام کی منظوری دے دی ۔

وزیراعلیٰ کی زیرصدارت کئی گھنٹے طویل اجلاس ہوا جس میں ہسپتالوں میں ڈاکٹروں، طبی عملے ، نرسوں کی حاضری کو یقینی بنانے کے لئے بائیو میٹرک سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہمیں بطور پاکستانی اپنے ضمیر کو جگانا پڑے گا، کام کرنا پڑے گا، اپنی نیتوں کو ٹھیک کرنا پڑے گا، خدا کا خوف کرنا پڑے گا۔ نظام کو ٹھیک کرنے کے لئے ہر سطح پر جزااور سزا کو شامل کرنا پڑے گا۔ ہسپتالوں کی ایڈمنسٹریشن کا دفتروں میں بیٹھنے کا کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے کہا ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی یقینی بنائی جائے ، کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔ سرکاری شعبے کی ہر علاج گاہ میں ڈاکٹر اور طبی عملہ کی موجودگی ہونی چاہئے ۔اجلاس میں جعلی، غیرمعیاری اور ناقص دوائی بیچنے والوں کو جرمانے ، قید اور کاروبار سربمہر کرنے کی سزائیں دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ماں اوربچے کی صحت، ایمرجنسی سہولیات کو پنجاب کی ہر سرکاری علاج گاہ میں ہنگامی بنیادوں پر اپ گریڈ کرنے کے پروگرام کی منظوری بھی دی گئی۔ مریم نواز نے کہا دوائی جعلی نکلی تو محکمہ صحت کا متعلقہ افسر اور علاج ٹھیک نہ ہوا تو ہسپتال کی ایڈمنسٹریشن ذمہ دار ہوگی۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ نے فیلڈ ہسپتالوں کی تعداد 105 تک بڑھانے اور مختلف شہروں کے 11بڑے ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کی منظوری دی ہے ۔

وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت ہیلتھ ریفارمز پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں چلڈرن ہسپتال لاہور کی ویڈیوز پیش کی گئیں، باتھ روم، آپریشن تھیٹر اور دیگر صورتحال پر وزیراعلیٰ نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور محکمہ صحت کے حکام کی سخت سرزنش کی۔وزیر اعلیٰ نے کہا لاہور کے سب سے بڑے ہسپتال کا یہ حال ہے تو باقیوں کا کیا حال ہو گا۔ساہیوال میں 8 بچے مر گئے ، ہم سب ذمہ دار ہیں،جواب دینا ہوگا۔ اجلاس میں صوبائی مشیر اظہر کیانی کی سربراہی میں تین رکنی اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کر دی گئی جو ساہیوال واقعہ کی جامع رپورٹ پیش کرے گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے لاہو رمیں ٹریفک رسپانس یونٹ لانچ کر دیا ۔ٹریفک رسپانس یونٹ لانچنگ کے بعدوزیر اعلیٰ کی زیر صدارت ٹریفک مینجمنٹ پر خصوصی اجلاس ہوا جس میں لاہور انٹیلی جنس ٹریفک سگنل مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کیلئے ڈیڈ لائن مقررکردی۔اجلاس میں ٹریفک کی روانی میں حائل ریڑھیا ں ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے ریڑھیوں کے لئے متبادل جگہ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔چائلڈ لیبر کے خلاف عالمی دن پراپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا چائلڈ لیبر انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے جس کو برداشت نہیں کریں گے ۔ مریم نواز نے بھلوال میں ڈسپوزل کی صفائی کے دوران تین سینٹری ورکرز کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پراظہار افسوس کیا اور کمشنر سرگودھاسے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں