تحریک انصاف کی ریلی ،الیکشن کمیشن سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

تحریک انصاف کی ریلی ،الیکشن کمیشن سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ،مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام بانی پی ٹی آئی اور دیگر کارکنوں کی رہائی کیلئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی قیادت میں گزشتہ روز قومی اسمبلی سے الیکشن کمیشن آفس تک ریلی نکالی گئی، پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر اور چاروں ممبران سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔

تٖفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے گزشتہ روزاپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی قیادت میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاج کیااور الیکشن کمیشن تک مارچ کیا۔پولیس نے الیکشن کمیشن جانے والے راستے بند کر دئیے اور ارکان کو الیکشن کمیشن کے باہر شاہراہ دستور پر روک دیا گیا، ریلی کے دوران بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے نعرے بازی کی گئی۔الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پارلیمنٹ سے الیکشن کمیشن تک ریلی کا مقصد بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہے ، ہمارے کیسز پر تاریخ پر تاریخ مل رہی ہے ، ہماری خواتین کوبار بار گرفتار کیا جا رہا ہے ۔اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ پرامن احتجاج عمران خان اور بشریٰ بی بی سمیت کارکنوں کی رہائی کیلئے ہے ،لاقانونیت کے خلاف پارلیمنٹ سے باہر آئے ہیں،پرامن احتجاج کر رہے ہیں، چیف الیکشن کمشنر اور چاروں ممبران فوری استعفیٰ ہوں، الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرانے میں ناکام رہا،ہم نے سو کے قریب اسیران کے ساتھ اظہار یک جہتی کیلئے ریلی نکالی ہے ۔ اسد قیصر نے اس کہا کہ ملٹری کورٹس سے متعلق کیس سپریم کورٹ سے فوری سننے کی درخواست ہے ۔ حکومت سے اپنے اتحادی سنبھالے نہیں جا رہے ، مجھے نہیں لگتا یہ حکومت زیادہ لمبا عرصہ چل سکے گی ، بجٹ میں ٹیکسز لگا کر ظلم کیا گیا ہے ، یہ پارلیمنٹ ناجائز ہے ، عوام نے مینڈیٹ پی ٹی آئی کو دیا اور انہوں نے چوری کیا۔زرتاج گل کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں ہماری بات نہیں سنی جا رہی، سچ کو دبایا نہیں جا سکتا، بانی پی ٹی آئی کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں کہ پچاس روپے کے سٹام پیپرپر بیماری کا بہانہ بنا کر باہر نہیں گئے ۔ بعدازاں پی ٹی آئی ارکان دوبارہ پارلیمنٹ ہاؤس روانہ ہوگئے ۔قبل ازیں شعیب شاہین نے جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ فارم 47 کی حکومت ہے انکو خوف ہے عوام انکے خلاف کھڑی ہے ،اب یہ عوام کیخلاف انتقامی کارروائیوں پر اترے ہوئے ہیں،پی ٹی آئی سمیت سب سیاسی جماعتوں کا حق ہے وہ احتجاج اور ریلیاں نکالیں ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں