کراچی:سخت گرمی ‘دو دن میں 40افراد جاں بحق

کراچی:سخت گرمی ‘دو دن میں 40افراد جاں بحق

کراچی، لاہور،کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک ، اپنے کامرس رپورٹر سے ،نیوز ایجنسیاں )ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر جاری،کراچی میں سخت گرمی اور ہیٹ سٹروک سے دودن میں 40 افراد جاں بحق،سہراب گوٹھ سرد خانے میں 95 میتیں منتقل کی گئیں۔

ایدھی فائونڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے بتایاکہ موسیٰ لین کے سرد خانے میں 35 میتیں ،کورنگی سرد خانے میں 10 میتیں رکھیں گئیں ،3دنوں میں 300 میتیں ایدھی فائونڈیشن کے 3سرد خانوں میں لائی گئیں جبکہ ریسکیو حکام کے مطابق جامع کلاتھ، گولیمار، سپر ہائی وے ، گلستان جوہر اور لانڈھی سے 7 افراد کی لاشیں ملیں ، مرنے والے زیادہ تر افراد نشے کے عادی ہیں جو گرمی کی شدت برداشت نہ کر سکے ۔شدید گرمی سے 67 افراد تیز بخار پر سول ہسپتال پہنچ گئے ۔ شہر قائد میں پیر کو درجہ حرارت 41 تک پہنچ گیا،محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی شدت 50 سینٹی گریڈ تک محسوس کی گئی۔ حبس، بڑھتی نمی اور ہیٹ ویو مزید 3 دن تک چلے گی۔ جیکب آبادملک کا گرم ترین شہر رہا، پارہ 51تک پہنچ گیا۔ دادو کا پارہ 50،حیدر آباد،نوابشاہ 49،فیصل آباد،لاڑکانہ سکھر 47، جہلم، سرگودھا،46،ڈی جی خان، ملتان 45، مٹھی ،تربت 44،لاہورمیں 41 درجے رہا۔شدید گرمی کے دوران کراچی 20 ، حیدر آباد، پشاور میں12 سے 14گھنٹے تک لوڈشیڈنگ جاری ، سکھر میں شہریوں نے لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کیا۔لاہور میں 4سے 5 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ جاری ۔ مختلف علاقوں میں ٹرانسفارمر جلنے اور دیگر تکنیکی خرابیوں سے گھنٹوں بجلی بند رہنا معمول بن گیا، لیسکو کو 100 میگاواٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا ہے ۔ادھر کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات کی زیر صدارت مون سون بارشوں پرتیاریوں کاجائزہ لیاگیا ۔ اس موقع پر بتایاگیا کہ مون سون میں شدید بارشیں متوقع ہیں جس سے ندی نالوں میں طغیانی اور اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے ،تمام متعلقہ محکمے اپنی پیشگی تیاریوں کو مکمل کریں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں