وقت پر انصاف ناملنا ناانصافی، اپوزیشن الائنس بن گیا، جلد مارچ یا دھرنا: پی ٹی آئی کا پارلیمنٹ سپریم کورٹ تک مارچ

وقت پر انصاف ناملنا ناانصافی، اپوزیشن الائنس بن گیا، جلد مارچ یا دھرنا: پی ٹی آئی کا پارلیمنٹ سپریم کورٹ تک مارچ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں ، مانیٹرنگ)سنی اتحاد کونسل کے پارلیمنٹیرینز نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس سے سپریم کورٹ تک احتجاجی مارچ کیا ،شرکا کی جانب سے بانی چیئرمین کی رہائی کیلئے نعرے بازی کی گئی۔

شاندانہ گلزار اور شیخ وقاص اکرم بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے جذباتی نعرے لگاتے رہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی  خان نے کہاکہ بجٹ کے اجلاس سے پی ٹی آئی کے ارکان احتجاج کرنے کیلئے نکل آئے ہیں اور احتجاج کر رہے ہیں ، جب عوام کو وقت پر انصاف نہیں ملتا تو یہ بھی ناانصافی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایک سال سے بانی چیئرمین اور بشریٰ بی بی سمیت کئی خواتین ناکردہ گناہوں کی وجہ سے جیل میں ہیں اور تاریخ پر تاریخ پڑ رہی ہے ، انہوں نے کہاکہ سائفر کیس ختم ہونے کے باوجود بانی چیئرمین جیل میں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چار ماہ پہلے اڈیالہ کے باہر جج صاحب سے درخواست کی تھی کہ مہربانی کریں ہمارا کیس جلد فیصلہ کریں انہوں نے کہاکہ ایوان میں اجنبی لوگ بیٹھے ہیں مگر پھر بھی ہم کہتے ہیں کہ پارلیمان کو مضبوط بنائیں اور چاہتے ہیں کہ بنیادی حقوق کیلئے قانو ن سازی ہو۔ انہوں نے کہاکہ آج ہم ایک بار پھر سڑکوں پر ہیں اور یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ بانی چیئرمین کو جلد سے جلد رہا کریں۔ وہ ملک کی ایسی پارٹی کا لیڈر ہے جو ملک میں سب سے زیادہ مقبول ہے ۔ انہوں نے کہاکہ انتخابات میں چھ کروڑ ووٹرز نے ووٹ دیا جن میں تین کروڑ افراد نے بانی پی ٹی آئی کو ووٹ دیا ۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ سپریم کورٹ تحریک انصاف کے کارکنوں کو انصاف فراہم کرے۔اپوزیشن کا الائنس بن گیا ۔جلد لانگ مارچ یا احتجاجی دھرنے کا اعلان کیا جائے گا۔ملک میں مارشل لا ہے ۔ڈکٹیٹر شپ چل رہی ہے ۔ڈمی جمہوریت ہے ۔یہ ضیا الحق کا دور نہیں کہ بانی پی ٹی آئی کو پھانسی دے دی جائے گی ۔عمران کا ذوالفقار علی بھٹو کی طرح انجام نہیں ہوگا۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عاطف خان نے کہا کہ خیبر پختونخواکے اندر اگر کوئی آپریشن ہوا تو اس کے منفی نتائج ہوں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں