بھاری بھرکم بجلی بل مسترد: تاجروں کا ملک گیر احتجاج، یوم عاشور کے بعد تحریک کا اعلان

بھاری بھرکم  بجلی بل مسترد: تاجروں کا ملک گیر احتجاج، یوم عاشور کے بعد تحریک کا اعلان

لاہور،اسلام آباد،راولپنڈی(کامرس رپورٹر، اپنے رپورٹر سے، نیوز رپورٹر، خصوصی نامہ نگار، نیوزایجنسیاں)تاجر بجلی کے بھاری بھر کم بلوں اوراس پر عائد ٹیکسز کی بھرمار پرپھٹ پڑے اور یوم عاشور کے ملک گیر احتجاج تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔

 مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کی کال پر بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف گزشتہ روز پہلے مرحلے میں لاہور سمیت ملک گیر احتجاج کیا گیا ،جس میں تاجروں سمیت عوام نے شرکت کرکے بجلی قیمتوں میں آئی ایم ایف کے ایما پر کئے جانے والا ظالمانہ اضافہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ عوام بجلی کے بل ادا کرنے کے قابل نہیں اور رات کی تاریکی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی ظالمانہ اضافہ کر دیا گیا، عوام دشمن حکومت عوام کو زندہ درگور کرنے کے درپے ہے ،پہلے مرحلے میں تین روزہ احتجاج کا سلسلہ آج اور کل بھی جاری رہے گا ،لاہور پریس کلب میں انجمن تاجران قائداعظم گروپ کی قیادت نے کہا حکومت نے ظلم کی انتہا کردی ،نئے سے نیا شخص سینیٹر منتخب کرکے وزیر خزانہ بنادیا جاتا ہے ،حالات ایسے ہیں کہ آج سے شٹرڈاؤن کو تیارہیں تاہم سکیورٹی وجوہات کی بناپر فیصلہ کیاگیاہے کہ 10محرم الحرام کے بعد احتجاج تحریک شروع کرینگے ،اس سلسلے میں پاکستان کی تاجر تنظیموں سے رابطہ کیا جارہا ہے ،اس موقع پر مختلف مارکیٹس اور بازاروں کی تاجر تنظیموں ِ کے عہدیداروں نے احتجاج تحریک کی کال کی حمایت کا اعلان کردیا۔اسلام آباد میں آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کی کال پر آبپارہ چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مقررین کا کہناتھاکہ بجٹ آئی ایم ایف کی ڈیمانڈ پر بنایا گیا اور امپورٹڈ وزیر خزانہ لگایا گیا جو بیرونی آقاؤں کا غلام ہے ،ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو تاجروں سے مشاورت کر کے شٹر ڈاؤن ہڑتال کر کے وزیر اعظم ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے ،ملک گیراحتجاج بھی کرینگے ہمیں سول نافرمانی پر مجبور نہ کیاجائے ۔ ملتان ، کوئٹہ ،پشاور ،کراچی ،سکھر ،حیدر آباد ،نواب شاہ ،میر پور خاص، ملتان ،بہاولپور ،رحیم یارخان ،وہاڑی، چنیوٹ ،لیہ ،مظفر گڑھ ، جھنگ ،گوجرانوالہ ،گجرات، سیالکوٹ ،کھاریاں ،فیصل آباد ،وزیر آباد ،حافظ آباد ،راجن پور ،ڈیرہ غازیخان ،وہاڑی ،نوشہرہ ،سکھر اورمردان سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاج کیا گیا۔ ذرائع کا کہناہے کہ راولپنڈی کے تینوں بڑے تاجر دھڑوں کا مبینہ تعلق حکمران جماعت سے ہونے کی وجہ سے مرکزی تنظیمیں احتجاج سے لا تعلق رہیں جبکہ پیپلز ٹریڈرز سیل اور انصاف ٹریڈرز ونگ بھی کہیں نظر نہ آ سکے تاہم شہر کی مختلف مقامی تاجر تنظیمیں سراپا احتجاج بن کر سڑکوں پر نکل آئیں جنہوں نے شہر وکینٹ کے مختلف علاقوں میں علامتی شٹر ڈاؤن کیا اور احتجاجی مظاہرے کئے ،ٹائر جلائے اور ٹریفک بلاک کر دی ۔ تاجروں نے ریلی میں بجلی کے بلوں میں لگائے گئے ٹیکسز کے خلاف نعرے بازی کی اور گیس کے بلز بھی جلادئیے ۔مرکزی انجمن تاجران کے زیر اہتمام قائم مقام صدر طارق جدون کی قیادت میں راولپنڈی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں