شدید گرمی،حبس:تکنیکی خرابیاں،بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ،جینا محال

شدید گرمی،حبس:تکنیکی خرابیاں،بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ،جینا محال

لاہور،اسلام آباد ،رحیم یار خان(اپنے کامرس رپورٹر سے ،سہیل احمد قیصر،عادل تنولی ،دنیانیوز) شدید گرمی اور حبس میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری، گرمی ، حبس بڑھنے سے بجلی کی طلب اورغیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ ہوگیا۔

ملک بھر میں5 سے 18گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ نے گرمی کے ستائے شہریوں کا جینا محال کردیا ۔سبی 50 ڈگری کے ساتھ گرم ترین شہر رہا۔ لاہور میں شدید حبس، پارہ 39 ،گرمی کی شدت  52 ڈگری محسوس کی گئی، دادو ،لاڑکانہ 48 ، ملتان 45 ، اسلام آباد کاپارہ 43 رہا۔سسٹم پر لوڈ بڑھنے سے اوور لوڈڈ ٹرانسفارمر جلنے کے واقعات بڑھنے اور تکنیکی خرابیوں کی بھرمار سے سب ڈویژنز میں روزانہ دو سے 3 ٹرانسفارمر جل رہے ہیں ،لیسکو کا عملہ 10 گھنٹے سے بھی زائد وقت میں ٹرانسفارمر تبدیل کرتا ہے ،تکنیکی خرابیاں اور شکایات کئی گھنٹوں بعد دور کی جاتی ہیں۔ رحیم یار خان کے مختلف علاقوں میں گرمی کی شدت سے 20 گھنٹوں کے دوران 5 افراد دم توڑ گئے ۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ تمام افراد کی موت شدید گرمی سے ہوئی اور وہ نشہ کے عادی تھے ۔دوسری جانب بارشیں برسانے والا نیا نظام ملک میں داخل ہوگیا، آج (بدھ)سے 7جولائی تک پنجاب میں تیز بارشوں کے امکانات ظاہر کردئیے گئے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کی ہوائیں بیک وقت بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے ملک میں داخل ہوکر تیز بارشیں برسانے کا باعث بنیں گی۔ 3 سے 7 جولائی تک جہلم ، چکوال ،گوجرنوالہ ،لاہور ،ننکانہ صاحب، سرگودھا اور خوشاب سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان کاٹھیا نے روزنامہ دنیا کو بتایا کہ تیز بارشوں سے اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے جس پر تمام متعلقہ ضلعی حکام کو تیاریاں مکمل اور ہرطرح مشنری فعال رکھنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔ اسلام آباد میں مون سون بار شوں سے طغیانی اورسیلاب کا خطرہ ،ضلعی انتظامیہ کا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مسلح افواج سے مدد لینے کا فیصلہ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی زیر صدارت اجلاس میں مون سون بارشوں پر صورتحال سے نمٹنے کیلئے اسسٹنٹ کمشنرز کو علاقوں کی زیر نگرانی کی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔ نالوں کی صفائی اور تجاوزات ختم کی جائینگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں