ٹریفک حادثات :ایک خاندان کے 7افراد سمیت15جاں بحق،بیسیوں زخمی

ٹریفک حادثات :ایک خاندان کے 7افراد سمیت15جاں بحق،بیسیوں زخمی

ہری پور،ملتان ، چوک سرور شہید ،ننکانہ صاحب ،بچیکی (نمائندگان دنیا،نیوزایجنسیاں)پنجاب اور کے پی کے میں مختلف ٹریفک حادثات میں ایک ہی خاندان کے 7افرادسمیت 15جاں بحق اور بیسیوں زخمی ہوگئے ،10زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ۔

تفصیلات کے مطابق چوک سرور شہید میں اڈا حسین شاہ کے قریب باراتیوں سے بھری بس سامنے سے آنیوالی مزدوروں کی کوچ سے ٹکرا گئی، حادثے میں 4افراد جاں بحق ،40 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ۔بارات والی بس میں 34افراد سوارتھے اور وہ بارات کے ساتھ لیہ جارہے تھے جبکہ کوسٹر میں کبیروالا کے رہائشی مزدور کسی کمپنی میں ملازمت کے لئے انٹرویو دینے لیہ جارہے تھے ، 10زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے پر نشترہسپتال ہسپتال ملتان ریفر کر دیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ گاڑیوں کے غلط اوور ٹیک کرنے کے باعث پیش آیا ۔ جاں بحق ہونے والوں تمام خانیوال کے رہائشی عبدالمنان ، محمد اکرم، جمشیداورمحمد عابد شامل ہیں ۔صوبہ خیبرپختونخواکے ہزارہ ڈویژن کے شہر ہری پور میں تیز رفتاری کے باعث مسافر وین گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق جبکہ 10زخمی ہو گئے ۔ وین صوابی سے اسلام آباد ایئر پورٹ آ رہی تھی کہ چہکائی کے مقام پر وین دو سو فٹ گہری کھائی میں جا گری ،شدید طوفان اور بارش کے باعث ریسکیو اہلکاروں کو امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، وین میں ایک ہی خاندان کے 17 افراد سوار تھے ۔ ننکانہ صاحب کے نواحی گاؤں ہفت مدر کارہائشی 55سالہ اکبر وسیر اپنی بیوی مختاراں بی بی کے ہمراہ موٹر سائیکل پرننکانہ صاحب جارہاتھا کہ ننکانہ مانگٹانوالہ روڈ پر مینار پاکستان چوک میں تیز رفتار ٹرک نے ٹکر ماردی جس سے اکبر موقع پردم توڑ گیا جبکہ مختاراں بی بی ہسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی ، پولیس نے جڑانوالہ کے رہائشی ٹرک ڈرائیور کو گرفتارکرلیا۔بچیکی کے نواحی گاؤں مانہ ٹبہ سے بارات ننکانہ صاحب جارہی تھی کہ کھیا ڑے کلاں کے قریب 35سالہ عثمان ڈوگر کی گاڑی تیز رفتاری سے موڑ کاٹتے ہوئے الٹ گئی جس سے وہ موقع پر دم توڑ گیا جبکہ اس کے ساتھ کارمیں سوار 50 سالہ جان محمد، 48 سالہ نصراللہ اور 26 سالہ زین شدیدزخمی ہوگئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں