14اگست سے سولر پینل کی تقسیم شروع ،عوام کو ریلیف دینا میرا مشن :مریم نواز

14اگست سے سولر پینل کی تقسیم شروع ،عوام کو  ریلیف دینا میرا مشن :مریم نواز

لاہور (سٹاف رپورٹر، اے پی پی)وزیر اعلی پنجاب مریم نوازنے جشن آزادی کے دن سے سولر پینل کی تقسیم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، اس سلسلہ میں200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے عوام 14 اگست سے مفت سولر پینل حاصل کر سکیں گے۔

 جبکہ200 سے زائد اور 500 یونٹ تک استعمال کرنے والے عوام کو سولر پینل10 فیصد معاوضہ کی ادائیگی پر ملیں گے ،500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے عوام کو سولر پینل کی فراہمی کی90 فی صد رقم پنجاب حکومت ادا کرے گی اور بلا سود ادائیگی پانچ سال میں سولر پینل کی فراہمی بینکوں کے ذریعے ہو گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے اپنے بیان میں کہاکہ پنجاب حکومت نے سولر پینلز کی فراہمی کی سکیم کی تمام جزئیات طے کر لی ہیں،سولر پینل کی فراہمی سے عوام کے بجلی بل میں 40 فیصد کمی ہوگی،عوام کو ریلیف دینا ہی میرا مشن ہے ،مشکل حالات ہیں لیکن ہم عوام کے ساتھ ہیں اور رہیں گے ۔پنجاب حکومت کے سولر سسٹم منصوبے کی دستاویزات کے مطابق ایسے گھریلو صارفین جن کے بجلی کے ماہانہ یونٹ 50 یا اس سے کم ہیں انہیں 500 واٹ جبکہ 50 سے 100 یونٹ کے گھریلو صارفین کو ایک کلو واٹ کا سولر سسٹم دیا جائے گا۔

اسی طرح 200 سے 300 یونٹ کے صارفین 1100 واٹ، 300 سے 400 یونٹ کے صارفین 1650 واٹ اور 500 یونٹ کے صارفین 2200 واٹ تک کا سسٹم لگوا سکیں گے ۔حکومتی دستاویزات کے مطابق سکیم کے لاگو ہوتے ہی صارفین اپنے موبائل فون سے 8800 پر بجلی کے بل کا ریفرنس نمبر اور شناختی کارڈ نمبر بھیجیں گے جس سے ان کی رجسٹریشن مکمل ہو گی۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام یا اس جیسے کسی دوسرے حکومتی امدادی پروگرام میں رجسٹرڈ افراد اس شمسی توانائی منصوبے کیلئے نااہل ہوں گے ،ایسے افراد کی جانب سے 8800 پر پیغام بھیجتے ہی سسٹم ان کو بتا دے گا کہ وہ اس کے اہل نہیں ہیں، ایسے افراد جن کے اوپر بجلی چوری یا میٹر کو خراب کرنے کا مقدمہ درج ہو گا وہ بھی اس سکیم میں حصہ لینے کے اہل تصور نہیں ہوں گے ۔ایسے افراد جن کے گھر کے پتے پر ایک سے زائد میٹر نصب ہوں گے یعنی اگر ایک گھر میں ہر منزل پر علیحدہ میٹر لگا ہو گا تو وہ افراد بھی اس سکیم سے استفادہ نہیں کر سکیں گے ۔سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس سکیم میں نان فائلرز بھی حصہ نہیں لے سکیں گے یعنی درخواست دینے سے قبل آپ کا این ٹی این نمبر ہونا ضروری ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں