ملک بچانے کیلئے واحد راستہ شفاف الیکشن :عمران خان
اسلام آباد،راولپنڈی (اپنے نامہ نگارسے ، خبر نگار)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ میں مذاکرات پر تیار ہوں لیکن ہماری 3شرائط ہیں ، ایک میرے کیسز ختم کریں ، دوسرا ہمارے لوگوں کو رہا کریں۔
تیسرا ہمارا مینڈیٹ واپس کریں ۔اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے انہوں نے کہا چیف جسٹس کی اہلیہ کے میرے خلاف بیانات آن ریکارڈ ہیں ، ہماری 8 فروری اور ہیومن رائٹس کی پٹیشنز کیوں نہیں سنی جا رہیں ،میں کسی جوڑ توڑ کا حصہ نہیں بنوں گا ، ملک بچانا ہے تو واحد راستہ شفاف الیکشن ہے ۔آٹھ فروری کا ڈاکہ نہیں بھولا جا سکتا ، ایک سال سے جیل میں ہوں صرف 3 ڈشز کھا رہا ہوں ، کتابیں پڑھتا ، ورزش کرتا اور عبادت کرتا ہوں ، بھوک ہڑتال کروں گا اور اسے ہم عالمی سطح پر اجاگر کرینگے ، میرے کمرے میں ایک بلی آتی تھی جو مجھ سے مانوس ہوگئی تھی سنا ہے اسکا بھی تبادلہ کر رہے ہیں ، میں ڈرنے والا نہیں، ہمارے کارکن عباد کا بیٹا انتقال کرگیا اس کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے ، ہمارا مطالبہ ہے عباد کا طبی معائنہ کرایا جائے ،میں نے سنا ہے عباد نے جیل میں خود سوزی کی کوشش کی ہے ۔