بجلی 7.12روپے مہنگی، فکسڈ چارجز لاگو، نوٹیفکیشن جاری
اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک ) کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بجلی7 روپے 12پیسے یونٹ مہنگی کرنے اور گھریلو صارفین پر 1ہزار روپے تک فکسڈ چارجز لگانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
پاور ڈویژن کی جانب سے جاری کر دہ نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7 روپے 12 پیسے تک اضافہ کردیا گیا جبکہ ماہانہ200 یونٹ تک استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو صرف 3 ماہ کے لیے اس اضافے سے مستثنٰی قرار دیا گیا ہے جبکہ باقی گھریلو صارفین کے لیے بجلی کا بنیادی ٹیرف فی یونٹ7.12 روپے تک بڑھا دیا گیا ہے ۔گھریلوصارفین کے لیے بجلی کا فی یونٹ بنیادی ٹیرف 48 روپے 84 پیسے تک پہنچ گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق201 سے 300 یونٹ تک کا ٹیر ف7.12 روپے اضافے سے 34.26 روپے ، 301 سے 400 یونٹ تک کا ٹیرف 7.02 روپے اضافے سے 39.15 روپے ہوگیاجبکہ 401 سے 500 یونٹ کے ٹیرف میں 6.12 روپے اضافہ ہوا اور یونٹ کی نئی قیمت 41.36 روپے ہوگی۔ 501 سے 600یونٹ کا ٹیرف6.12روپے اضافے سے 42.78روپے جبکہ 601سے 700 یونٹ کا ٹیرف 6.12روپے اضافے سے 43.92روپے ہوگیا۔
ٹیکسوں کو ملا کر سلیب کے حساب سے فی یونٹ ٹیرف کی قیمت مزید بڑھ جائے گی ۔ گھریلو صارفین پر 1 ہزار روپے تک فکسڈ چارجز لگانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ۔نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی صارفین پر فکسڈ چارجز کا اطلاق یکم جولائی 2024ء سے ہوگا۔ بجلی کے ماہانہ 301 سے 400 یونٹس استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر 200 روپے ،ماہانہ 401 سے 500 یونٹس استعمال کرنے پر 400 روپے ، ماہانہ 501 سے 600 یونٹس استعمال پر 600 روپے ،ماہانہ 601 سے 700 یونٹس استعمال پر 800 روپے اور ماہانہ 701 سے زائد یونٹس کے استعمال پر 1 ہزار روپے فکسڈ چارجز عائد کیے گئے ہیں۔صنعتی صارفین کے لیے ماہانہ فکسڈ چارجز 184 فیصد بڑھائے گئے ہیں، جو 440 روپے سے بڑھ کر 1 ہزار 250 روپے ہوگئے ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کے کمرشل صارفین کے لیے ماہانہ فکسڈ چارجز میں 150 فیصد اضافہ ہوا، جو 500 روپے سے بڑھ کر 1 ہزار 250 روپے ہوچکے ہیں۔زرعی ٹیوب ویلز صارفین کے لیے ماہانہ فکسڈ چارجز میں 100 فیصد اضافہ ہوا ہے ، جو 200 روپے سے بڑھ کر 400 روپے ہوئے ہیں۔