اچھی قیادت کا انتظار،عوام کھڑے ہوں تو حکومت گھٹنے ٹیک دیگی:مفتی تقی عثمانی
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)معروف عالم دین مفتی محمد تقی عثمانی نے سودی نظام کو ختم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم تاحال اچھی قیادت کے انتظار میں ہیں، ایسی تحریک جو اس غلامی سے آزادی دلائے وہ سیاسی سطح پر کامیاب نہیں ہو رہی، عوام کھڑے ہو جائیں تو حکومت گھٹنے ٹیک دے گی۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ تاجر اور عوام فیصلہ کر لیں کہ ہم نے درآمدی مصنوعات استعمال نہیں کرنی تو درآمدی اشیا آنا بند ہو جائیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ زندگی کے ہرشعبے میں مغرب کوآئیڈیل بنایا گیا، ہم نے انگریزی نظام کی نقل اختیار کرلی، آئی ایم ایف کے غلام ہیں لیکن انگریز جو ریلوے لائن ڈال کرگئے اس کے بعدکوئی لائن نہیں ڈالی گئی، آج ہمارا بچہ بچہ قرض دار ہے ، ہم آئی ایم ایف کے بغیر نہیں چل سکتے ، ان حالات میں سیاسی نظام کے ذریعے اسلامی نظام کا لانا مجھے مشکل لگتا ہے ، دنیا میں انقلاب صرف حکومت کے ذریعے نہیں آتے ، عوام کے ذریعے آتے ہیں۔ حالات ایسے ہیں ہر شخص میں مایوسی پھیل رہی ہے ۔ معاشرے کے مختلف طبقات ملک کی فلاح و بہبود کے لیے اکٹھے ہوں اور سوچ کر راہ نکالیں کہ ہم کس طرح اس غلامی سے نکل سکتے ہیں۔ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوا ہے ، اس کی شرط بھی ہے کہ ہم درآمدات پر پابندی عائد نہیں کرسکتے ۔سود کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ملت کے تمام لوگ زکوٰۃ ادا کریں گے تو غربت کا خاتمہ ہو جائے گا ۔