راولپنڈی دھرنا،پی ٹی آئی بھی پہنچ گئی،آج غزہ مارچ:5اگست کوکشمیریوں سے یکجہتی کا اعلان
راولپنڈی،اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار، مانیٹرنگ ڈیسک)جماعت اسلامی کا بجلی بلوں میں کمی کیلئے لیاقت باغ راولپنڈی میں دھرنا آٹھویں روز بھی جاری رہا،لیاقت بلوچ کا آج مری روڈ پرغزہ مارچ اور5اگست کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کااعلان ،پی ٹی آئی کے مقامی قائدین شعیب شاہین، عامر مغل اور راولپنڈی سے شہریار ریاض بھی دھرنے میں پہنچ گئے۔
بعدازاں شعیب شاہین کے خطاب کے دوران پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی ، شہریار ریاض نے تقریر روک کر سرگوشی کی کہ پولیس ہمیں گرفتار کرنے پہنچ گئی ہے ، شعیب شاہین نے کہا ہم گرفتاری سے نہیں ڈرتے اوراپنا خطاب مختصر کردیا اوردونوں موٹرسائیکل پر بیٹھ کر چلے گئے ،علاوہ ازیں امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے قطرسے ویڈیولنک پردھرنے کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کہا اسماعیل ہنیہ کے جنازے میں شرکت اورشہیدکے خاندان سے ملاقات بھی کی ہے ،امریکا اور مغربی طاقتوں نے اسماعیل ہنیہ کی حکومت کو چلنے نہیں دیا ،حماس نے اسرائیل کو شکست دی،اسماعیل ہنیہ کی شہادت لاکھوں اسماعیل ہنیہ پیدا کرے گی، جو لوگ امریکا کی طرف دیکھ رہے ہیں ذلت ان کا مقدر ہے ،قطر نے پوری ہمت کے ساتھ اسماعیل ہنیہ کے جنازے اور تدفین کی، آج دھرنے میں پہنچوں گا،ایئرپورٹ پر ہر شخص نے دھرنے کی تعریف کی،تنخواہ دار طبقے پر بے انتہا ٹیکس لگا کر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے ،حکومت آئی پی پیز پر کوئی فیصلہ نہیں کر رہی،بارشوں اور اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے باعث آج سے کراچی میں دھرنا شروع ہوگا،بجلی کے بل سیاست نہیں بلکہ عوام کا مسئلہ ہے ، قبل ازیں شعیب شاہین نے خطاب کرتے ہوئے کہابانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر جماعت اسلامی کے احتجاجی دھرنے میں آئے ہیں ،جماعت اسلامی کے ورکروں اورقیادت کو سلام پیش کرتا ہوں کہ وہ اس مشکل وقت اورفارم 47 کی حکومت کے زمانے میں حق سچ کے لیے نکلے ہیں ،یہ جہاد ہے اور ہم اس جہاد میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ساتھ رہیں۔قائم مقام امیرجماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ آج فلسطینی اسیران کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے مری روڈ پرغزہ مارچ اور5اگست کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی ہوگا،حکومت نے مطالبات کو سنجیدگی سے نہ لیا تو اگلے مرحلے میں مذاکرات دھرنے کے سٹیج پر ہوں، جماعت اسلامی نے دھرنا عوام کے حقوق کیلئے دیاہے ، مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا، ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں اور نہ ہی ہم کسی کی خواہش پر یہاں بیٹھے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاقت باغ میں میڈیا سے گفتگو اوردھرناکے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ،لیاقت بلوچ نے کہا اب مذاکرات کی بات حکومتی کورٹ میں ہے ،اگر حکومتی وزرا پریس کانفرنسز میں اشتعال انگیزی سے کام لیں گے تو یہ ان کے لیے نقصان دہ ہوگا، ہم کسی اشتعال میں نہیں آئیں گے ، حکومت کو باعزت مذاکرات کرنا ہوں گے ، کوئی دوسرا آپشن قابل قبول نہیں۔