مریم نواز کی ہدایت پر آٹا مزید سستا،ریونیو میں 50ارب کا اضافہ تجویز

مریم نواز کی ہدایت پر آٹا مزید سستا،ریونیو میں 50ارب کا اضافہ تجویز

لاہور(سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر آٹے کے تھیلوں کی قیمتوں میں مزید کمی کردی گئی جبکہ عام آدمی کو متاثر کیے بغیر پنجاب ریونیو اتھارٹی کے ہدف میں 50ارب کا اضافہ تجویزکیا گیا ہے ۔

وزیراعلیٰ کی زیرصدارت خصوصی اجلاس میں پنجاب ریونیو اتھارٹی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا،پنجاب ریونیو اتھارٹی کے نئے چیئرمین نعمان یوسف نے بریفنگ دی،وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کو ریونیو وسائل بڑھانے کی ہدایت کی،عام آدمی کو متاثر کیے بغیرپی آر اے کے ریونیو ہدف میں 50ارب کا اضافہ تجویز کیا گیا، پنجاب ریونیو اتھارٹی کو ریئل ٹائم انٹی گریشن آف ڈیٹا بیس کیلئے ایف بی آر سے منسلک کیاجائے گا،پنجاب کے مزید 12اضلاع میں پنجاب ریونیو اتھارٹی کا دائرہ کار وسیع کرنے کا فیصلہ کیاگیا،مری،اٹک،جہلم،قصور،شیخوپورہ،جہلم،منڈی بہاؤالدین میں ریونیو اتھارٹی آفس قائم ہوں گے ،بہاولپور، اوکاڑہ، خانیوال، مظفرگڑھ، ڈی جی خان،ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی پی آر اے کو فنکشنل کیا جائے گا،اجلاس میں چیف سیکرٹری زاہد زمان اختر،سیکرٹری فناس مجاہد شیر دل اوردیگر افسران بھی موجود تھے ۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ کی ہدایت پر محکمہ خوراک پنجاب نے صوبہ بھر میں آٹے کے 10 اور 20 کلوگرام تھیلوں کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ، وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے کہا صوبائی دارالحکومت لاہور میں آٹے کے 20 کلوگرام تھیلے کی قیمت میں مزید 70 روپے کمی کی گئی ہے ، آٹے کا 20 کلوگرام تھیلا عام مارکیٹ میں 1800 روپے کی بجائے 1730 میں فروخت کیا جائے گا، شیخوپورہ میں 20 کلوگرام آٹے کا تھیلا 100 روپے مزید سستا ہو کر 1640 میں ملے گا، جہلم،چکوال، پاکپتن نارووال 80 جبکہ ملتان، ساہیوال، سرگودھا، اٹک میں 60 روپے مزید کمی کی گئی ہے ، راولپنڈی، حافظ آباد، سیالکوٹ، ننکانہ، اوکاڑہ میں 20 کلوگرام آٹے کی قیمت میں 50 روپے کمی کی، ٹوبہ ٹیک سنگھ جھنگ، چنیوٹ،خوشاب،بھکر، لودھراں، راجن پور، مظفر گڑھ لیہ، رحیم یار خان میں 40 روپے سستا ملے گا، فیصل آباد،گوجرانوالہ، گجرات، وزیر آباد،منڈی بہاؤالدین میں 30 روپے مزید سستا کیا گیا ہے ،بہاولپور، بہاولنگر،ڈی جی خان، خانیوال، وہاڑی، میانوالی میں 20 روپے قیمت کم کی گئی ہے ، بلال یاسین نے کہا وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر آٹے کی قیمتوں میں کمی پر ہر صورت عملدرآمد کروایا جائے گا،محکمہ خوراک کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور ضلعی انتظامیہ مل کر قیمتوں کا فوری اطلاق کروائیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں