16اگست کو ملتان میں جلسہ ، پھر ملک بھر میں ہونگے :حافظ نعیم
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ، نیوز ایجنسیاں ، مانیٹرنگ ڈیسک )امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ راولپنڈی، لاہور، پشاور میں کامیاب جلسے کیے ، 16اگست کو ملتان میں جلسہ ہوگا، اس کے بعد پورے پاکستان میں جلسے جاری رہیں گے ۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا فوج کے اندرونی معاملات پر زیادہ بات چیت نہیں کرنا چاہتا، البتہ ہر ادارے میں کڑے اور بے لاگ احتساب کے حق میں ہیں۔آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی، ایف بی آر سمیت دیگر محکموں میں لوٹ مار کا کلچر ختم، جاگیرداروں پر ٹیکسز کا نفاذ، سود میں بتدریج کمی، ایران پاکستان گیس پائپ لائن معاہدہ پر عمل درآمد ہوجائے اور عوام پر مسلط حکمران مراعات ختم کردیں تو معیشت ٹریک پر آجائے گی۔ حکومت کے پاس 40دن رہ گئے ، راولپنڈی دھرنا کے نتیجہ میں ہونے والے معاہدہ پر ہر صورت عملدرآمد کرائیں اور عوام کو بجلی، ٹیکسز پر ریلیف دلائیں گے ۔ امیر جماعت نے کہا کہ حکمران آئی پی پیز معاہدوں پر پنلٹی سے قوم کو ڈراتے ہیں مگر ایران پاکستان گیس لائن کی 18ارب ڈالر پنلٹی کا ذکر نہیں کرتے ، یہ پراجیکٹ تعمیر ہوجائے تو ملک کی 25فیصد توانائی کی ضروریات پوری ہوسکتی ہیں ۔