لاپتہ افراد کیس:سیکرٹری دفاع وداخلہ،ڈی جی ایف آئی اے طلب
اسلام آباد( اپنے نامہ نگار سے )اسلام آباد ہائیکورٹ نے اظہر مشوانی کے لاپتہ 2 بھائیوں کی بازیابی کیلئے دائر درخواست میں سیکرٹری دفاع وداخلہ ،ڈی جی ایف آئی اے اورآئی جی اسلام آباد کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے دونوں بھائیوں کی عدم بازیابی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اب میں تمام فریقین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کروں گا، دوران سماعت اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عظمت بشیر تارڑ نے بتایاکہ وزارت دفاع اور وزارت داخلہ کی رپورٹ پہلے ہی فائل ہو چکی،سکیورٹی اداروں کی رپورٹ کے مطابق پروفیسر مظہر الحسن اور پروفیسر ظہور الحسن کے حوالہ سے کچھ معلوم نہیں ہے ،بعدازاں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے 2 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری دفاع ، آئی جی اسلام آباد، ڈی جی ایف آئی اے کو شوکاز نوٹس جاری کر دئیے اور ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے کہا کیوں نہ آپ کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے ،اٹارنی جنرل بھی 15 اگست کو عدالت میں پیش ہوں،عدالت نے تحریری حکمنامے میں کہاکہ تینوں فریقین نے یکساں جواب دیا کہ انہیں مغویان کے حوالے سے علم نہیں، 9 اگست کو عدالت نے مغویان کو بازیاب کرا کر عدالت پیش کرنے کے واضح احکامات دیئے تھے ، عدالتی احکامات پر عملدرآمد کیا گیا نہ ہی کوئی دستاویز پیش کی گئی، بادی النظر میں یہ عدالتی احکامات کی صریحاً خلاف ورزی ہے ، عدالتی احکامات کی خلاف ورزی تقاضا کرتی ہے کہ فریقین کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے ، سماعت15 اگست تک ملتوی کردی گئی۔